Jun ۲۲, ۲۰۲۲ ۰۸:۴۱ Asia/Tehran
  • پابندیوں کو سیاسی ہتھکنڈے کے طور پر استعمال نہیں کرنا چاہئیے: ایران

اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر اور مستقل نمائندے نے افغانستان، یمن، فلسطین اور شام میں انسانی ابتر صورتحال کی جانب اشارہ کرتے ہوئے دو جانبہ روابط میں بعض ممالک کی جانب سے پابندیوں کو سیاسی حربے کے طور پر استعمال کرنے کی مذمت کی۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر اور مستقل نمائندے مجید تخت روانچی نے منگل کے روز شام میں انسانی ہمدردی کے موضوع سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی نشست سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے نمائندے کی جانب سے گروپ 77 اور چین کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کی حمایت کی اور کہا کہ ایران عالمی سطح پر انسانی ہمدردی کے ناطے مدد و امداد میں  یکطرفہ اور زور و زبردستی پر مبنی اقدامات کو رکاوٹ کا باعث سمجھتا ہے۔

اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر اور مستقل نمائندے نے کہا کہ ایران کو کورونا وائرس، زلزلہ، خکشسالی اور گرد غبار کے طوفانوں جیسی قدرتی آفات کا سامنا ہے اور غیر قانونی اور یکطرفہ پابندیوں سے ملک کو نقصان ہوا ہے۔

مجید تخت روانچی نے ناجائز صیہونی حکومت کے شام پر دہشت گردانہ حملوں اور جارحیت کی مذمت کی اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران شام کے جولان کی بلندیوں کے ساتھ ساتھ شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی متعدد خلاف ورزیوں، عام شہریوں، شہری اہداف، انفراسٹرکچر اور دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر صیہونی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔

تخت روانچی نے شامی عوام اور حکومت  کیلئے ایران کی حمایت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ناجائز صہیونی حکومت شام کی خود مختاری اور ارضی سالمیت کی خلاف ورزیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اس پر خاموش ہے۔

ٹیگس