ایران اور پاکستان مشترکہ فضائی مشقوں کے لئے آمادہ
ایرانی فوج کے سربراہ نے، پاکستان کے ساتھ مشترکہ فضائی مشقوں کے انعقاد کے لئے اپنی آمادگی کا اعلان کیا ہے۔
پاکستانی فضائیہ کے سربراہ ایئر مارشل ظہیر احمد بابر سے ملاقات میں ایران کی بری فوج کے کمانڈر ان چیف میجر جنرل عبدالرحیم موسوی کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک بحری مشقوں کے ساتھ ساتھ فضائی مشقیں بھی انجام دے سکتے ہیں۔
میجر جنرل عبدالرحیم موسوی نے کہا کہ ایران نے ظالمانہ اور غیر قانونی پابندیوں کے باوجود، جدید ترین لڑکا طیاروں سے لیکر خلائی میدان میں بے مثال پیشرفت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں ایرانی فوج نے ملک کے وسیع تر علاقوں سے لیکر خلیج فارس، بحرہند اور بحیرہ عمان میں تاریخ کی سب سے بڑی ڈرون مشقیں انجام دی ہیں۔
پاکستانی فضائیہ کے سرابراہ ایئر مارشل ظہیر احمد بابر نے اپنی میزبانی پر ایرانی فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک کیڈٹوں کے تبادلے سمیت دفاع کے تمام شعبوں میں ایران کے ساتھ تعلقات کی سطح اوپر لے جانے کے لیے پوری طرح آمادہ ہے۔ ایئر مارشل ظہیر احمد بابر کا کہنا تھا کہ ایران نے حالیہ برسوں کے دوران ایرو اسپیس، ہوائی جہازوں کی تیاری اور خاص طور سے ڈرون ٹیکنالوجی کے میدان میں اچھی پیشرفت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ایران کی مسلح افواج کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کے فروغ کی خواہاں ہیں۔