Sep ۲۱, ۲۰۲۲ ۱۰:۳۴ Asia/Tehran
  • صدر ایران اور وزیر اعظم پاکستان کا مشترکہ موقف: دونوں ممالک ایک ہی خاندان سے ہیں

صدر رئیسی نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ باہمی تعلقات اور تعاون کے فروغ دینے کے لئے سنجیدہ ارادہ رکھتا ہے، ایران اور پاکستان کے تعلقات ثقافتی اشتراکات کی بنیاد ہزاروں سال پرانی ہیں اور دونوں قومیں ایک دوسرے کو ایک خاندان تصور کرتی ہیں۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس (یو این جی اے) کے موقع پر ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے پاکستان کے وزیراعظم  شہباز شریف سے ملاقات کی اور کہا کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات  صرف دو ہمسایوں ممالک اور معمول کی بنیاد پر نہیں ہیں بلکہ ثقافتی قربت اور مشترکہ اعتقادات کی بنیاد پر ہیں۔

ایران کے صدر نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے جانی و مالی نقصان پر پاکستانی عوام کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ ایران پاکستان میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے ہر ممکن مدد کرنے سے دریغ نہیں کرے گا۔

رپورٹ کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر ہوئی طرفین کی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ دونوں ممالک کے  حکام کے درمیان بڑھتی ملاقاتیں اور مشاورت باہمی تعاون کے فروغ  اور تعلقات کی توسیع میں مثبت کردار ادا کریں گی۔

وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے بھی پانچ دنوں میں دوسری ملاقات پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ اس بات کی علامت ہے کہ پاکستان اور ایران ایک ہی خاندان کے افراد ہیں، ہم اپنے دوست اور برادر ملک ایران کے ساتھ ہرممکنہ حد تک تعلقات کو خصوصاً اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں فروغ دینا چاہتے ہیں۔

پاکستانی وزیر اعظم نے اپنے ملک کی حمایت اور خاص طور پر سیلاب کے دوران ایرانی حکومت اور عوام کی حمایت کو سراہا۔

 

ٹیگس