Jul ۳۱, ۲۰۲۳ ۱۰:۳۳ Asia/Tehran
  • غیر انسانی اور مجرمانہ دہشتگردانہ حملے کا نتیجہ، ذلت کے علاوہ کچھ نہيں نکلے گا: صدر ایران

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے اتوار کے روز، جمیعت علمائے اسلام کے اجتماع میں دہشت گردانہ بم دھماکے اور دسیوں پاکستانی شہریوں کے مارے جانے پر پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کو ایک پیغام ارسال کر کے اس ملک کی حکومت اور قوم کو تعزیت پیش کی۔

سحرنیوز/ایران: صدر مملکت نے اس پیغام میں بزدلانہ دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ اس قسم کے غیر انسانی اور مجرمانہ عمل کا نتیجہ، اسے انجام اور اس کا حکم دینے والوں کے لئے ذلت کے علاوہ کچھ نہيں نکلے گا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے بھی  پاکستان کے باجوڑ میں جمعیت علمائے اسلام کے ورکرز کنونشن میں دھماکے پر ایران کی حکومت اور عوام کی جانب سے پاکستان کی حکومت اور عوام کو تعزیت پیش کرتے ہوئے اس دہشت گردانہ  حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
ترجمان وزارت خارجہ ناصر کنعانی نے اتوار کے روز اپنے بیان میں کہا: آج ایک بار پھر دہشت گردوں نے ایک اور جرم کا ارتکاب کرتے ہوئے ہمارے پڑوسی و برادر ملک پاکستان میں بہت سے گھرانوں کو سوگوار کردیا۔ اسلامی جمہوریہ ایران، پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور اس دہشت گردانہ حملے سے متاثرہ گھرانوں کو تعزیت پیش کرتا ہے اور زخمیوں کےلئے شفائے عاجل کی دعا کرتا ہے ۔
یاد رہے کہ مولانا فضل الرحمان کی جماعت جمعیت علمائے اسلام کے ورکرز کنونشن کے دوران خودکش دھماکہ ہوا جس میں 46 افراد مارے گئے اور 150 زخمی ہوئے۔

ٹیگس