Nov ۱۹, ۲۰۲۳ ۱۴:۵۵ Asia/Tehran
  • ناصر کنعانی: غزہ میں صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کی مذمت

ایران، قطر، یمن، سعودی عرب، اردن، حزب اللہ لبنان اور مصر سمیت مختلف ممالک نے غزہ پر ہونے والی صیہونی حکومت کی بمباری اور فلسطینی بچوں اور خواتین کے قتل کی مذمت کی ہے۔

سحرنیوز/ایران: ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے جبالیہ کے "الفاخورہ" اور "تل زعتر" اسکولوں میں سینکڑوں فلسطینی شہریوں کے مجرمانہ، جنون آمیز اور وحشیانہ قتل عام میں بچوں کی قاتل صیہونی حکومت کے اقدام کی شدید مذت کی ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے ہفتے کی رات کہا کہ بدقسمتی سے غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے میں فلسطینی عوام کی نسل کشی کے حوالے سے دنیا کے ممالک اور بین الاقوامی اداروں کی بے عملی کے سائے میں صیہونی غاصب حکومت ہر روز گھروں میں اور پناہ گاہوں میں موجود فلسطینی شہریوں، بچوں اور عورتوں کے خلاف بربریت اور سفاکانہ طریقے سے نئے جنگی جرائم اور اجتماعی قتل عام کا ارتکاب کر رہی ہے۔ انہوں نے مظلوم اور نہتے فلسطینی عوام کے خلاف غاصب اسرائیلی حکومت کی کھلی اور دانستہ نسل کشی کے تئیں عالمی برادری اور بالخصوص اسلامی ممالک سے فوری اور ٹھوس کارروائی کی ذمہ داری قبول کرنے کا مطالبہ کیا۔

قطر کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی نے بھی ہفتے کی رات اپنی تقریر میں غزہ کی پٹی میں المناک انسانی صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور غزہ پٹی کے اسکولوں اور ہسپتالوں سمیت غیر فوجی اہداف پر صیہونی حکومت کے پے درپے حملوں کو ناقابل برداشت قراردیا۔ قطر کے وزیر خارجہ نے فوری جنگ بندی کے حصول اور رفح گزرگاہ کو مستقل طور پر دوبارہ کھولنے کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی سفارتی کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ غزہ میں انسانی امداد کے قافلوں کی آمد کو یقینی بنایا جا سکے۔

ادھر سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے بھی ایک بیان جاری کرکے غزہ میں انروا کے اسکول الفاخورہ پر غاصب صیہونی حکومت کی بمباری کی مذت کی ہے۔ سعودی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ غیر فوجیوں کو منظم طور پر حملے کا نشانہ بنانا کسی بھی طرح قابل قبول نہیں ہے۔ سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے فلسطینیوں کے خلاف وحشیانہ جنگی جرائم پر غاصب صیہونی حکومت کے خلاف قانونی کارروائی کے بین الاقوامی میکانزم کو فعال کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ نے بھی غزہ میں اقوام متحدہ کے اسکول الفاخورہ پر صیہونیوں کے حملے کو مظلوم فلسطینی عوام کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے جنگی جرائم کا تسلسل قرار دیا ہے۔ انصار اللہ یمن نے اپنے بیان میں بین الاقوامی اداروں سے غاصب صیہونی حکومت کی جانب سے مظلوم فلسطینی عوام کی نسل کشی پر خاموشی توڑنے اور اس کے خلاف ضروری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

اسی کے ساتھ حزب اللہ لبنان نے بھی کہا ہے کہ صیہونی حکومت امریکا کی مشارکت اور اس کی حمایت سے فلسطینی عوام کا قتل عام کر رہی ہے اور تل ابیب کے جرائم کے لئے اس کے مغربی اتحادی جواب دہ ہیں۔

مصر کی وزارت خارجہ نے بھی غزہ کے الفاخورہ اسکول پر صیہونی حکومت کے حملے کو جنگی جرم قراردیتے ہوئے اس کی تحقیق اور ذمہ داروں کو سزا دیئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

اردن کے وزیر خارجہ ایمن الصفدی نے صیہونیوں کی غزہ میں اقوام متحدہ کے امدادی ادارے انروا کے اسکول پر وحشیانہ بمباری کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ میں جنگ فوری طور پربند کی جائے۔ انہوں نے غزہ پر صیہونی حکومت کے حملوں کو وحشیانہ جارحیت قرار دیتے ہوئے اس کو روکنے اور غزہ کے عوام تک فوری طور پر پانی، خوراک اور دوائیں پہنچانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ٹیگس