صدر ایران اور یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ کی ٹیلی فونی گفتگو، فلسطین کی حمایت میں یمن کی استقامت کی تعریف
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے یمن کے خلاف امریکی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام نے امریکا کی جارحانہ اور انسانیت دشمن ماہیت کو سب پر عیاں کردی۔
سحرنیوز/ایران: صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط کے ساتھ ٹیلی فونی گفتگو میں مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت میں یمن کی بہادر قوم کی شجاعت کی قدردانی کی اور بین الاقوامی جہازرانی کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی نےغاصب صیہونی حکومت کے ہاتھوں دسیوں ہزار عام فلسطینی شہریوں، بچوں اور خواتین کے قتل عام کو نسل کشی قرار دیا اور کہا کہ دنیا کی تمام اقوام کی نگاہ میں یہ حکومت قابل مذمت ہے۔ انہوں نے یمنی عوام کے خلاف امریکا کے جارحانہ اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یمنی عوام نے برسوں جارح قوتوں کے مقابلے میں مزاحمت کی ہے اور آج بھی وہ مظلوم فلسطینی عوام کے دفاع میں موثر کردار ادا کر رہے ہیں، ان کے خلاف امریکا کا جارحانہ اقدام دنیا کی سبھی حریت پسند اقوام کے نزدیک قابل مذمت ہے۔
انہوں نے مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت کو ایران کا اصولی موقف قرار دیا اور کہا کہ صیہونیوں کے مظالم فلسطینی قوم کی حتمی فتح کے ساتھ ختم ہوں گے۔ یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے بھی اس ٹیلی فونی گفتگو میں کہا کہ ہم مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت میں اپنے موقف پر ثابت قدم ہیں اور امید کرتے ہیں کہ امت اسلامیہ صیہونیوں اور ان کے حامیوں کے جرائم برملا کرنے میں اپنی پوری توانائیوں سے کام لے گی ۔