ایران کی جانب سے جنوبی افریقا کی حکومت کو مبارکباد
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے ہیگ کی بین الاقوامی عدالت میں جنوبی افریقہ کی سفارتی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے تمام ملکوں کے وزرائے خارجہ سے اپیل کی ہے وہ جنوبی افریقہ کے اقدام کی حمایت کریں۔
سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے اپنے سوشل میڈیا کے پیج پر لکھا ہے کہ بین الاقوامی عدالت انصاف میں صیہونی حکومت کے خلاف شکایت کے حوالے سے جنوبی افریقہ کو حاصل ہونے والی کامیابی پر ہم جنوبی افریقہ کی حکومت اور قوم کو اور اس ملک کی وزیر خارجہ نالدی پاندور اور فلسطینی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہيں۔
ایران کے وزیرخارجہ امیرعبداللہیان نے جنوبی افریقہ کی کوششوں کی اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے حمایت جاری رہنے پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ آج غاصب اسرائیلی حکومت کے کارندے اقوام عالم کے نزدیک سب سے زیادہ قابل نفرت افراد ہيں اور ان کو فلسطینیوں کی نسل کشی اور ان کے خلاف غیر معمولی جنگی جرائم کے ارتکاب کے سبب فوری طور پر انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ صیہونیوں کے جرائم کے لیے وائٹ ہاؤس کی ہمہ جہت حمایت کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا اور اس پر رائے عامہ کی توجہ کی ضرورت ہے۔ امیر عبداللہیان نے دنیا کے تمام ملکوں سے اپیل کی کہ وہ بین الاقوامی فوجداری عدالت میں جنوبی افریقہ کے اقدام کی حمایت کریں۔