Sep ۰۹, ۲۰۲۴ ۱۰:۵۷ Asia/Tehran
  • انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے والی ہیں، اس بار انتقامی کارروائی ذرا مختلف انداز میں ہو گی: جنرل سلامی

ایران کی سپاہ پاسداران فورس کے کمانڈر انچیف جنرل حسین سلامی نے ایک بار پھر آگاہ کیا ہے کہ صیہونی دشمن سے انتقام تو یقینی ہے ، ساتھ ہی اس بار انتقامی کارروائی ذرا مختلف انداز میں ہو گی۔

سحرنیوز/ ایران: تفصیلات کے مطابق جنرل حسین سلامی نے گزشتہ روز ایران کے صوبے کہکیلویہ و بویر احمد میں شہدا کے سلسلے میں منعقدہ ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت اپنے شرپسندانہ اقدامات کے انتقام کا تلخ مزہ چکھے گی، مگر کب کہاں اور کیسے، یہ اس بار ذرا مختلف ہو گا اور ایک وقت آنے والا ہے جب یہ معما سبھی کے لئے آشکار ہو جائے گا۔

سپاہ پاسداران کے چیف کا مزید کہنا تھا کہ صیہونی حکومت اپنی سیاسی حیات کو جاری رکھنے پر قادر نہیں ہے اور اس وقت ہم ان کے سیاسی خاتمے کے آثار کا مشاہدہ کر رہے ہیں، ان کے حکام ذہنی توازن کھو چکے ہیں، آشفتگی کا شکار اور حواس باختہ ہو چکے ہیں، ان کے خلاف ہر شب مظاہرہ ہو رہا ہے، جنگ کا دائرہ خود ان کی مقبوضہ سرزمین کے اندر تک پھیل چکا ہے، ان کے لئے کوئی راہ نجات نہیں بچی ہے اور ہر آن انہیں ایران کے حملے کا انتظار ہے۔

جنرل حسین سلامی نے صیہونی حکومت کے ساتھ ساتھ اس کے حامیوں کو بھی خبردار کیا کہ وہ یہ بات ذہن سے نکال دیں گے کہ ماریں گے اور پھر بھاگ نکلیں گے، بلکہ انہیں یہ معلوم ہونا چاہیے ان پر حملہ ہو گا اور وہ بھاگ بھی نہیں پائیں گے اور آخرکار وہ یہ سبق سیکھ لیں گے کہ شیر کی دم کے ساتھ کھیلنے کا انجام اچھا نہیں ہے۔ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ہم مطمئن ہیں کہ اللہ کے فضل سے اس کہانی کو ختم کر کے رہیں گے۔

 

ٹیگس