Sep ۲۲, ۲۰۲۴ ۰۹:۲۵ Asia/Tehran
  • نیویارک میں ایرانی وزیر خارجہ کی کیوبا، بحرین اور کویت کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کے موقع پر کویت، بحرین اور کیوبا کے وزرائے خارجہ سے ملاقات اور گفتگو کی۔

سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اور کویت کے وزیر خارجہ عبداللہ علی الیحیی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کے موقع پر گفتگو کی۔ اس ملاقات میں ایرانی وزیرخارجہ نے غزہ کی صورتحال کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ غزہ کے ساتھ ساتھ علاقے کی صورتحال بھی بہت ہی خطرناک شکل اختیار کرگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیویارک میں ہونے والی ان ملاقاتوں میں سبھی نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ صیہونی حکومت نے اگرچہ خطے کو تباہ کردیاہے لیکن وہ اپنا کوئی بھی مقصد حاصل نہيں کرسکی ہے۔

ایرانی وزیرخارجہ نے اسی طرح نیویارک میں اپنے قیام کے دوران بحرین کے وزیرخارجہ سے بھی علاقے کی تازہ ترین صورتحال پر بات چيت کی۔ اس ملاقات میں خاص طور پر غزہ پر صیہونی حکومت کے مظالم کی روک تھام پر عالم اسلام کے عملی اقدامات پر زور دیا گیا۔

اسی کے ساتھ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس کے موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے کیوبا کے وزیر خارجہ برونو رودریگیز پاریلا سے ملاقات و گفتگو کی۔ ایرانی وزیرخارجہ نے کیوبا پر امریکی پابندیوں کی مذمت کی۔

ٹیگس