صدر ایران کا دورہ قطر، حماس کے اعلی عہدیداروں سے ملاقات
صدر ایران کا کہنا ہے کہ صیہونی حکومت کی معمولی غلطی پر ایران کا اگلا جواب کئی گنا محکم ہوگا۔
سحرنیوز/ایران: صدر ایران مسعود پزشکیان نے قطر میں حماس کے اعلی عہدیداروں سے ملاقات میں کہا کہ یقینی طور پر، اگر صیہونی حکومت ایک اور چھوٹی سی بھی غلطی کا ارتکاب کرتی ہے، تو اسے اس سے کہیں زیادہ سخت جواب ملے گا۔ صدر مسعود پزشکیان نے قطر کے اپنے دو روزہ دورے کے دوران بدھ کی شام اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں صدر مملکت نے حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کو اپنی زندگی کا سب سے دردناک واقعہ قرار دیا اور مزید کہا کہ شہید ہنیہ میری تقریب حلف برداری کے مہمان تھے اور تقریب کے بعد ہم ایک دوسرے سے گرمجوشی سے گلے ملے لیکن کچھ گھنٹوں بعد میں نے ان کے بزدلانہ قتل کی خبر سنی جو میرے لیے بہت تکلیف دہ تھی۔
صدر ایران نے کہا کہ ان دنوں غزہ اور لبنان میں صیہونی حکومت کی طرف سے کئے جانے والے جرائم ہر شخص کو دلی اذیت اور تکلیف ہو رہی ہے۔ صدر مملکت نے صیہونی حکومت کی حمایت اور انسانی حقوق کے دفاع کے دعوے کرنے والے امریکہ اور مغربی ممالک کے منافقانہ رویے پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ انسانی حقوق اور انسانی وقار پر مسلسل حملے کرنے والے یہ ممالک خود کو مجرم ثابت کر چکے ہیں اور انسانی جانوں کا ضیاع خاص طور پر خواتین اور بچوں کی کوئی قیمت ان کی نظر میں نہيں ہے اور ان کے تمام دعوے جھوٹے ہیں۔