ایران اور مصر کے صدور کی ملاقات
روس کے کازان شہر میں ہونے والے برکس سربراہی اجلاس کے موقع پر صدر مملکت مسعود پزشکیان نے اپنے مصری ہم منصب عبدالفتاح السیسی سے ملاقت کی۔
سحرنیوز/ایران: ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اس ملاقات میں غزہ اور لبنان میں جنگ کے خاتمے اور علاقے کے دیگر حصوں تک پھیلنے سے روکنے کی ضرورت پر زور دیا۔
ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے زور دےکر کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہرگز جنگ اور کشیدگی کا خواہاں نہیں ہے لیکن اگر صیہونی حکومت نے کسی بھی غلطی کا ارتکاب کیا، تو یقین رکھیے کہ ایران کا جواب انتہائی دردناک ہوگا۔
صدر مملکت نے کہا کہ اس بات کا امکان ہے کہ صیہونی ایران کو نقصان پہنچائیں لیکن جواب میں جو انہیں نقصان پہنچے گا، وہ ان کے تصور سے بھی بالاتر ہوگا۔ اس موقع پر مصر کے صدر نے اتحاد کو مسلمانوں کی طاقت کا باعث قرار دیتے ہوئے کہا کہ طاقت کے مختلف اور متنوع ذریعے ہوتے ہیں لیکن ان سب میں سب سے اہم ہمارے مابین اتحاد ہے۔ مصری صدر سیسی نے کہا کہ ہمیں غزہ اور لبنان میں جنگ ختم کرنے کے لیے ایک دوسرے کی مدد کرنی ہوگی تا کہ یہ جنگ علاقے کے دوسرے حصوں میں نہ پھیل سکے۔
عبدالفتاح السیسی نے کہا کہ ایک سیاستداں نہیں بلکہ ایک مسلمان کی حیثیت سے میرا یقین ہے کہ تمام مسائل کا حل دوستی اور مفاہمت میں اضافہ ہے۔