دشمن کا سب سے بڑا ڈر مسلمانوں کا اتحاد ہے: ایرانی صدر
صدر ایران نے عوام کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہم متحد اور ایک دوسرے کے شانہ بشانہ ہوں تو کوئی طاقت ہمارے عوام اور ملک کی طرف آنکھ اٹھا کر دیکھنے کی جرات نہیں کرے گی۔
سحر نیوز/ ایران: 21 نومبر بروز جمعرات کو ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان کے دورے کے دوران صدر ایران مسعود پزشکیان نے کہا کہ اسلام ایک طاقتور مذہب ہے اور ہمیں اپنے اتحاد اور ہم آہنگی سے پوری دنیا کو یہ طاقت دکھانی چاہیے، دشمن ہماری گھات میں بیٹھا ہے لہذا ہم کو یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
صدر مملکت نے اپنی تقریر کے ایک اور حصے میں غزہ اور لبنان میں صیہونی حکومت کے جرائم کے لیے انسانی حقوق کے جھوٹے دعویداروں اور ایرانی قوم کے خلاف بیانات اور قراردادیں جاری کرنے والوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور یورپ انسانی حقوق کے نام نہاد علمبردار بنتے ہیں، لیکن غزہ اور لبنان میں ہونے والے جرائم پر خاموش ہیں، میں نہیں مانتا کہ وہ لوگوں اور انسانیت کے حقوق کا دفاع کرتے ہیں، ان انسانی حقوق پر شرم آتی ہے جن کا وہ دفاع کرتے ہیں۔