عمان میں ایران اور امریکہ کے بالواسطہ مذاکرات
ایران امریکہ بالواسطہ مذاکرات آج ہفتے کے روز عمان میں ہوں گے۔
سحرنیوز/ایران: ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایرانی وفد سیدعباس عراقچی کی سربراہی میں مسقط کے لئے روانہ ہوگيا ہے۔ اسماعیل بقائی نے ایکس پر لکھا کہ وزیرخارجہ کی سربراہی میں ایرانی وفد مسقط کے لئے روانہ ہوگيا ہے اور اپنے قومی اقتدار اور مفادات کے تحفظ کے لیے تمام گنجائشوں سے استفادے کےلئے پرعزم ہے۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ مجید تخت روانچی نے مسقط میں ایران اور امریکہ کے مابین بالواسطہ مذاکرات کے بارے میں کہا ہے کہ اگر امریکہ ایٹمی معاملے سے بے ربط مطالبات اور دھونس دھمکیوں کے رویے کو چھوڑ دے تو ایک مناسب معاہدے کا حصول ممکن ہے۔
مشرق وسطی کے امور میں امریکی مندوب ویٹ کاف نے جو امریکی مذاکراتی ٹیم کی سربراہی کر رہے ہيں کہا ہے کہ ایران کے ساتھ آج ہونے والے مذاکرات بحالی اعتماد کے لئے ہيں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کا ایٹمی پروگرام، ایٹمی ہتھیار میں نہيں تبدیل ہونا چاہیے۔
ایران کے امور میں امریکہ کے سابق مندوب رابرٹ مالی نے اپنے ایک بیان میں ایران کے ساتھ سمجھوتے کے لئے ٹرمپ کے اشتیاق کی جانب اشارہ کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا کہ اس وقت ہمیشہ سے زيادہ سمجھوتے کا چانس موجود ہے۔