یورینیئم افزودگی کا عمل کسی قیمت پر نہیں رکے گا: ایرانی صدر
May ۲۹, ۲۰۲۵ ۱۵:۴۹ Asia/Tehran
صدر ایران نے ایک بار پھر دوٹوک لفظوں میں واضح کیا ہے کہ ایران کا جوہری پروگرام پر امن ہے اور یورینئم افزودگی کا عمل کسی قیمت پر نہیں رکے گا۔
سحرنیوز/ایران:عمانی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے صدر ایران مسعود پزشکیان نے دوٹوک لفظوں میں یہ بات دہرائی کہ ایران کسی قیمت پر اپنے پر ایٹمی انرجی کے پرامن استعمال سے دستبردار نہیں ہوگا۔ صدر ایران نے کہا کہ اگر امریکی فریق حقیقتاً اس بات سے مطمئن ہونا چاہتا ہے کہ ایران جوہری ہتھیار نہیں بنائے گا تو ہم اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہیں، مگر یہ طے ہے کہ ہم علاج، کاشتکاری اور صنعت میں استعمال کے مقصد سے کسی قیمت پر یورینیئم افزودگی سے دستبردار نہیں ہوں گے، یہ مکمل طور پر عالمی ضابطوں کے تحت ہے، انہیں یہ حق نہیں کہ وہ ہم سے کہیں کہ تم یورینیئم افزودگی نہیں کر سکتے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے عمان میں ایک سوال کےجواب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم یورینیئم افزودگی کے سلسلے میں مکمل طور پر سنجیدہ ہیں اور اس میں کسی مذاق کی بھی کوئی گنجائش نہیں ہے۔