ایران کے میزائل حملوں کی تیسری لہر یا علی ابن ابیطالب (ع) کوڈ کے ساتھ صیہونی حکومت پر شروع+ ویڈیو
سپاہ پاسدارانِ انقلاب اسلامی کی جانب سے غاصب صیہونی حکومت کے خلاف میزائل اور ڈرون حملوں کی تیسری لہر انجام پا چکی ہے۔
سحر نیوز/ ایران: تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق، پاسدارانِ انقلاب اسلامی کی جانب سے دہشت گرد صیہونی حکومت کے مختلف علاقوں میں اہداف کو نشانہ بناتے ہوئے میزائل اور ڈرون حملوں کی تیسری لہر انجام دی گئی ہے۔ ایران کے تازہ ترین میزائل حملوں کی لہر میں تل ابیب، اشدود اور تل ابیب کے جنوب میں واقع شہر بت یام کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، بن گوریون ایئرپورٹ بھی ایرانی میزائلوں کی زد میں آیا ہے۔
اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق، مقبوضہ فلسطین میں مزید 6 مراکز کو بھی ایرانی میزائلوں نے نشانہ بنایا ہے۔ کچھ گھنٹے قبل سپاہ پاسداران نے "وعدۂ صادق ۳" کے نام سے جاری اپنے مشترکہ اور وسیع آپریشن کے تسلسل میں، دہشت گرد صیہونی حکومت کی حالیہ جارحیت کے جواب میں جنگی طیاروں کے ایندھن کی تیاری کے مراکز اور توانائی فراہم کرنے والے اہم تنصیبات کو میزائلوں اور ڈرونز کے بڑے حملے میں نشانہ بنایا۔ اس مرحلے میں، تل ابیب کے ساتھ ساتھ حملوں کا خاص زور حیفا پر بھی تھا، جہاں اس شہر کی آئل ریفائنری سمیت کئی اہم مراکز کو ایرانی میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔
اسی تناظر میں سپاہ پاسدارانِ انقلاب اسلامی نے اپنے دوسرے اعلامیے میں کہا:"وعدۂ صادق ۳ کے مشترکہ اور منہ توڑ آپریشن کے تسلسل میں، صیہونی حکومت کی حالیہ شرارتوں اور حملوں کے جواب میں، ان کے جنگی طیاروں کے ایندھن کی تیاری کے مراکز اور توانائی کی تنصیبات کو میزائل اور ڈرونز کے بڑے حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ اگر صیہونی حکومت کی شرارتیں اور تجاوزات جاری رہیں تو اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کا حملہ پہلے سے زیادہ شدید اور وسیع ہوگا۔"
سپاہ کی فضائی دفاعی فورس نے ملک کے مختلف علاقوں میں صیہونی فوج کے تین کروز میزائل، دس ڈرونز اور درجنوں چھوٹے دشمن فضائی آلات کو کامیابی سے تباہ کر دیا ہے۔