صیہونی حکومت اور امریکہ کے حملوں پر برکس کے مذمتی بیان کے قدرداں ہیں: وزیر خارجہ عراقچی
وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے جو برکس اجلاس میں شرکت کے لیے برازیل گئے ہوئے ہیں ایران پر جارحیت کی برکس کی جانب سے مذمت کی قدردانی کی ہے۔
سحر نیوز/ ایران: اپنے تازہ ایکس پوسٹ میں وزیر خارجہ نے لکھا ہے کہ صیہونی حکومت اور امریکہ کی ایران پر کھلی جارحیت اور ایران کی ایٹمی تنصیبات اور شہری انفرااسٹرکچر پر دانستہ حملوں کی برکس تنظیم کے سربراہی اجلاس میں باضابطہ طور پر مذمت کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ برکس کے رکن ممالک کے سربراہوں اور وزرائے خارجہ نے ان اجلاس کے دوران اس بات پر زور دیا کہ ایران کی ایٹمی تنصیبات پر حملہ جس پر آئی اے ای اے مکمل طور پر نظر رکھے ہوئے تھی، عالمی قوانین اور اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
وزیر خارجہ عراقچی نے اپنے ایکس پوسٹ میں لکھا کہ دنیا کی آدھی آبادی اور 40 فیصد ناخالص قومی پیداوار پر مشتمل معیشت کی نمائندگی کرنے والے برکس تنظیم کے سربراہان ریو ڈی جنیرو شہر میں اکٹھا ہوئے ہیں جو ہر دور سے زیادہ اس بات کی علامت ہے کہ دنیا کے معاشی اور سیاسی میدانوں میں بڑی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ ایران ان تبدیلیوں کو ایک نئے دور میں داخل ہونے کے مترادف سمجھتا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ایسی تاریخی تبدیلی میں اسلامی جمہوریہ ایران کی شمولیت، باعث مسرت ہے اور ہم اس کا خیرمقدم کرتے ہیں۔