ایران کے وزیر خارجہ نے ہندوستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کے استحکام پر زور دیا ہے
ہندوستان کے لئے ایران کے نئے سفیر محمد فتح علی نے میں وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں سید عباس عراقچی نے ہندوستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔
سحرنیوز/ایران: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے لئے ایران کے نئے سفیر محمد فتح علی نے آج تہران میں اپنے سفارتی مشن پر روانگی سے پہلے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ملاقات کی اور نئے عہدے کے فرائض کی انجام دہی اور مختلف شعبوں میں تہران نئی دہلی کے دوطرفہ تعلقات کی صورت حال کے بارے میں اپنے مجوزہ پروگرام کی رپورٹ پیش کی۔
سید عباس عراقچی نے اس ملاقات میں دہلی میں نئے سفیر کی کامیابی کی خواہش کا اظہار کیا اور ایران اور ہندوستان کی دو قدیم تہذیبوں کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور سفارتی تعلقات کی طویل تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔
سید عباس عراقچی نے دونوں ملکوں کی دلچسپی کے تمام شعبوں میں، خاص طور پر، اقتصادی اور نقل و حمل کے شعبوں میں اور بین الاقوامی اداروں میں ہم آہنگی و تعاون میں فروغ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
قابل ذکر ہے کہ محمد فتح علی اس سے پہلے وزارت خارجہ میں ایڈمنسٹریشن اور فائنینس شعبے کے سربراہ، لبنان اور ازبکستان میں ایرانی سفیر اور پشاور میں ایرانی قونصل کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔