Nov ۱۶, ۲۰۲۵ ۱۵:۲۹ Asia/Tehran
  • ماضی میں کبھی ایسی ایٹمی تنصیبات پر حملہ نہیں ہوا جو آئی اے ای اے  کی نگرانی میں ہوں: محمد اسلامی

ایران کے ایٹمی ادارے کے سربراہ محمد اسلامی نے کہا ہے کہ ماضی میں کبھی بھی کسی ایسی ایٹمی تنصیبات پر حملہ نہیں ہوا جو ایٹمی انرجی کی عالمی ایجنسی آئی اے ای اے کی نگرانی میں رہی ہوں۔

سحرنیوز/ایران: محمد اسلامی نے بین الاقوامی قوانین، جارحیت اور دفاع  کے موضوع پر منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ نکتہ نہایت اہمیت کا حامل ہے کہ ایسی ایٹمی تنصیبات پر حملہ ہوا جو آئی اے ای اے میں درج ہیں۔

ایران کے ایٹمی ادارے کے سربراہ نے کہا کہ دوسری بات یہ ہے کہ ماضی میں کبھی بھی کسی ایسی ایٹمی تنصیبات پر حملہ نہیں ہوا جو ایٹمی انرجی کی عالمی ایجنسی کی نگرانی میں رہی ہوں چاہے وہ عراق پر صیہونی حکومت کا حملہ ہو یا شام پر ہونے والے حملے ہوں یا روس یوکرین جنگ کے دوران ہونے والے حملے ہوں کیونکہ ان میں سے کسی بھی ملک کا ایٹمی پروگرام آئی اے ای اے کی نگرانی میں نہیں تھا۔

صدرِ ایران کے معاون اور ایران کے ایٹمی انرجی کے ادارے کے سربراہ محمد اسلامی نے کہا کہ پہلی جگہ جہاں صیہونی حکومت نے بمباری کی وہ ایک فیکٹری تھی جہاں تہران کے ری ایکٹر کے لئے ایندھن تیار کیا جاتا تھا۔ انھوں نے کہا کہ تہران ری ایکٹر بھی ایک تحقیقاتی ری ایکٹر ہے جو ریڈیو میڈیسین سے متعلق ہے اور صیہونی حکومت نے پہلا حملہ اسی پر کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ صرف آئی اے ای اے ہی نہیں بلکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بھی ان حملوں کی مذمت کرنے سے اجتناب کیا اور یہ بین الاقوامی آئین و قوانین کی خلاف ورزی اور اس کے نقصان اٹھانے کا کھلا ثبوت ہے۔

محمد اسلامی نے کہا کہ اس چیز نے ایک بین الاقوامی اداے کی ساکھ کو سخت نقصان پہنچایا ہے یعنی یہ کہ صرف ہماری تنصیبات کو نقصان نہیں ہوا ہے بلکہ ایک مرکز اور بین الاقوامی ادارے کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے جس کی ذمہ داری تمام قوموں کے لئے ایٹمی ٹیکنالوجی کی بھرپور اور منصفانہ ترویج ہے۔

 

ٹیگس