تہران اور واشنگٹن کے درمیان مذاکرات کا کوئی چینل قائم نہیں ہوا: ایرانی وزارت خارجہ
ایران کی وزارت خارجہ نے سختی سے اس بات کو مسترد کیا ہے کہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان مذاکرات کے لئے براہ راست کوئی چینل قائم ہوا ہے۔
سحرنیوز/ایران: ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکہ کے حوالے سے کچھ ثالث ممالک موجود ہیں جو فریقین کے نقطہ نظر کا تبادلہ کر رہے ہیں مگر امریکہ کے ساتھ کوئی براہ راست رابطہ نہیں ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک پریس کانفرنس میں گزشتہ ہفتے کے دوران وزارت خارجہ کی سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دنوں جو پیش رفت حاصل ہوئی اور جو قرارداد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں منظور کی گئی، وہ نہ صرف اسلامی جمہوریہ ایران کے لیے بلکہ بین الاقوامی برادری، جنوبی دنیا اور ان تمام ممالک کے بھی حق میں تھی جو بین الاقوامی تعلقات میں قانون کی حکمرانی کے قائل ہیں۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ امریکہ کے ساتھ ہمارا سرکاری رابطہ چینل تہران میں امریکی مفادات کے تحفظ کا دفتر ہے، جہاں سوئس سفارت خانہ رابطہ کار کے طور پر کام کرتا ہے۔
اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ پیغامات کا تبادلہ ممالک کے درمیان ایک عام اور فطری سی بات ہے تاہم یہ کہنا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان کوئی خاص یا براہ راست چینل موجود ہے، درست نہیں ہے اور ایسا کوئی چینل قائم نہیں ہوا ہے۔
ہمیں فالو کریں:
Followus: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel