امریکی شہروں کی تباہی پر مبنی ٹرمپ کے بے بنیاد دعوے کی تردید
https://urdu.sahartv.ir/news/iran-i457656-امریکی_شہروں_کی_تباہی_پر_مبنی_ٹرمپ_کے_بے_بنیاد_دعوے_کی_تردید
ماسکو میں ایران کے سفیر نے ٹرمپ کے اس دعوے کو بے بنیاد قرار دیا ہے کہ ایران امریکی شہروں کو تباہ کرنا چاہتا ہے۔
(last modified 2026-10-18T22:38:52+00:00 )
Oct ۱۴, ۲۰۲۶ ۱۴:۰۸ Asia/Tehran
  • امریکی شہروں کی تباہی پر مبنی ٹرمپ کے بے بنیاد دعوے کی تردید

ماسکو میں ایران کے سفیر نے ٹرمپ کے اس دعوے کو بے بنیاد قرار دیا ہے کہ ایران امریکی شہروں کو تباہ کرنا چاہتا ہے۔

سحرنیو/ایران: ارنا نے رپورٹ دی ہے کہ ماسکو میں متعین ایران کے سفیر کاظم جلالی نے تاس نیوز ایجنسی کے ساتھ گفتگو میں کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کا یہ دعویٰ بالکل بے بنیاد ہے کہ تہران کا منصوبہ امریکی شہروں کو نابود کرنا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایران کی فوجی ڈاکٹرائن بالکل واضح، ذمہ دارانہ، دفاعی اور انسدادی ہے اور ہم نے کبھی بھی جنگ شروع نہیں کی ہے۔

ماسکو میں ایران کے سفیر نے ایران کی میزائل توانائی کو ایک ناقابل انکار حقیقت قرار دیا اور کہا کہ یہ حقیقت ہر جارح کے لیے ہولناک ہے۔

انھوں نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ ایران کی اس حقیقی انسدادی طاقت و توانائی کا حوالہ دے کر انتخابات میں ڈیموکریٹ حریفوں کے مقابلے میں سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں۔

 قابل ذکر ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے ریاست نبراسکا میں اپنی ایک انتخابی تقریر میں ایران کے خلاف جارحیت کا جواز پیش کرنے کی کوشش کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی ایک امریکی شہر ختم کر سکتے ہیں۔

ٹرمپ نے کہا کہ وہ لاس اینجلس کوختم کردیں، سن ڈیاگو کو ختم کردیں تو کیا ہوگا؟ تیل کی قیمت تھوڑی زیادہ ہے لیکن یہ ملک کو محفوظ رکھنے کی بہت معمولی قیمت  ہے۔

ٹرمپ نے یہ بات ایسی حالت میں کہی ہے کہ ایران کے خلاف امریکی جارحیت اور آبنائے ہرمز بند ہوجانے کے نتیجے میں امریکا تیل کے بحران میں پھنس گیا ہے اور روس سے ڈیزل خریدنے پر مجبور ہوگیا ہے جبکہ اس نے بارہا دنیا کے دیگر ملکوں کو یہ دھمکی دی ہے کہ روس سے تیل کی خریداری پر امریکی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ہمیں فالو کریں:

Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok  whatsapp channel