Aug ۲۸, ۲۰۲۲ ۰۸:۴۵ Asia/Tehran
  • پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں، مصیبت کی اس گھڑی میں ایران پاکستان کے ساتھ

صدر ایران سید ابراہیم رئیسی اور وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے پاکستان میں آئے حالیہ سیلاب کے سلسلے میں ٹیلی فونی گفتگو کی ہے۔

پاکستانی وزارت عظمیٰ نے اس گفتگو کی خبر دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور اسلامی جمہوریہ ایران کے سربراہان مملکت نے سیلاب کے موضوع پر گفتگو کی ہے۔دفتر کے بیان میں یہ بھی آیا ہے کہ صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے اسلام آباد کی ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ارنا نیوز کے مطابق وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے صدر ایران سید ابراہیم رئیسی سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے سیلاب متاثرین، حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار ہمدردی کرنے پر انکی قدردانی کی۔

ایرانی ذرائع کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی  نے پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ ہونے والی ٹیلی فونی گفتگو میں پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سیلاب میں جاں بحق ہونے والوں کے اہلخانہ، پاکستانی قوم اور حکومت کو تعزیت پیش کی۔

ایران کے صدر نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں ایران کے عوام اور حکومت پاکستانی عوام اور حکومت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہم ہر قسم کی مدد و حمایت کیلئے تیار ہیں۔

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے ٹیلی فونک گفتگو میں پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے صدر ایران کو آگاہ کیا اور ایرانی عوام اور حکومت کی جانب سے ہمدردی کا اظہار کرنے اور مدد و امداد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

پاکستان کے وزیر اعظم نے کہا کہ ہر مشکل وقت میں ایران نے ایک اچھے ہمسایہ اور دوست ملک ہونے کے ناطے پاکستان کا ساتھ دیا ۔ 

پاکستانی وزارت عظمیٰ کے دفتر کے مطابق اس گفتگو میں شہباز شریف نے دونوں ممالک کے مابین پائے جانے والے گرم رشتوں کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے تہران اسلام آباد کے مابین زیادہ سے زیادہ تعلقات کے فروغ اور استحکام پر زور دیا۔

ساتھ ہی انہوں نے امید ظاہر کی کہ عالمی برادری بھی درخواست شدہ مالی امداد کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ مثبت تعاون کرے گی۔

خیال رہے کہ پاکستان کو مونسون بارشوں اور اسکے نتیجہ میں تباہ کن سیلابی صورتحال کا سامنا ہے جس کے باعث اب تک ایک ہزار سے زائد افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں، جبکہ ہزاروں دیگر زخمی ہو گئے، قریب تین کروڑ افراد بے گھر بتائے جاتے ہیں جبکہ تقریبا سات لاکھ مکانات کو نقصان پہنچا ہے یا وہ مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔ اسکے علاوہ تقریبا ڈیڑھ سو پلوں اور متعدد ڈیم بھی تباہ ہو گئے ہیں۔

پاکستان میں مسلسل بارشوں کے بعد سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 1000 سے تجاز کرگئی ہے۔ پاکستان کے مختلف صوبوں میں ریکارڈ ہوئی اموات میں سندھ سر فہرست ہے جہاں 339 افراد لقمہ اجل بنے، بلوچستان 234، کے پی 195 جبکہ پنجاب میں ہلاکتوں کی تعداد 167 رہی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کےدوران 12 ہزار گھر زمیں بوس، ساڑھے 8 ہزار لائف اسٹاک، 3 ہزار 116 کلومیٹر شاہراہیں، 149 پُل سیلاب کی نظر ہوئے۔

اب تک متعدد ممالک اور عالمی تنظیموں کی جانب سے پاکستان کی مالی امداد کرنے کا اعلان کیا جا چکا ہے۔

حکام اور مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ اتنے بڑے پیمانے پر ملک میں سیلاب کے باعث ہونے والی تباہی کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

ٹیگس