Oct ۲۰, ۲۰۲۳ ۰۹:۱۹ Asia/Tehran

غزہ کے اسپتال پر وحشیانہ حملے کے بعد غاصب صیہونی حکومت نے ایک اور وحشیانہ جرم کا ارتکاب کرتے ہوئے ایک گرجا گھر کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا ہے جس میں مزید عام لوگ شہید و زخمی ہوئے ہیں۔

سحرنیوز/عالم اسلام: غاصب صیہونی حکومت نے وحشیانہ جارحیت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے غزہ کے اسپتال کے بعد ایک عیسائی چرچ پر بھی حملہ کر دیا۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ غزہ کے اسپتال پر جارحانہ حملے میں سیکڑوں افراد شہید و زخمی ہوئے ہیں جبکہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد مسلسل بڑھتی جا رہی ہے۔ شہید و زخمی ہونے والوں میں بیشتر بچے اور عورتیں شامل ہیں۔
غزہ میں فلسطین کی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ گرجا گھر پر غاصب صیہونی حکومت کے حملے میں پوری عمارت گر گئی ہے۔
گرجا گھر پر صیہونی حکومت کے حملے میں شہید و زخمی ہونے والوں کے علاوہ، دو سو سے زائد لوگ اس عمارت میں پھنسے ہوئے ہیں۔
غاصب صیہونی حکومت نے اسی طرح غزہ کے وسط میں الزہرا رہائشی مرکز کو بھی اپنی جارحیت کا نشانہ بنایا ہے۔ غاصب صیہونی حکومت نے رفح کے مشرق میں الجنینہ علاقے پر بھی بمباری کی ہے جس میں آٹھ فلسطینی شہید اور متعدد دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

ٹیگس