Nov ۰۱, ۲۰۲۳ ۱۷:۰۰ Asia/Tehran
  • غزہ میں 24 گھنٹے کے دوران 11 اسرائیلی فوجی ہلاک

غزہ پٹی میں ہلاک ہونے والے اسرائيلی فوجیوں کی تعداد بڑھ کر 11 ہوگئی ہے۔

سحرنیوز/ عالم اسلام: عبری ذرائع ابلاغ نے آج اعتراف کیا ہے کہ غزہ پٹی میں گزشتبہ 24 گھنٹے میں غاصب اسرائیلی حکومت کے 11 فوجی ہلاک اور 17 زخمی ہوگئے ہیں۔ یہ ہلاکتیں صیہونی فوجیوں کی بکتر بند گاڑی پر ہونے والے ایک میزائل حملے میں ہوئی ہیں۔

عبری ذرائع ابلاغ کے مطابق زخمی ہونے والے 17 اسرائیلی فوجیوں میں 4 کی حالت نازک ہے۔ قابل ذکر ہے کہ غاصب اسرائیلی حکام ہلاک ہونے والے اپنے فوجیوں کی صحیح تعداد نہیں بتاتے ہیں بلکہ ایک محدود تعداد ہی ذرائع ابلاغ کو بتاتے ہیں۔

ادھر غزہ میں اسلامی استقامتی تحریک حماس کے ساتھ جنگ میں غاصب فوج کو ہونے والے جانی نقصان کو اسرائیل کے وزیر جنگ یوآو گالانت نے سخت اور درد ناک ضرب سے تعبیر کیا ہے۔ غاصب اسرائیل کے وزیر جنگ نے کہا کہ غزہ کے اندر ہونے والی جھڑپوں میں جو کامیابی ہمیں ملی ہے افسوس ہے کہ اس کی بھاری قیمت چکانی پڑ رہی ہے۔

واضح رہے کہ طوفان الاقصی آپریشن ایسے حالات میں 26 ویں دن میں داخل ہوا ہے کہ غزہ پٹی کے رہائشی علاقوں اور طبی مراکز نیز اسکولوں پر غاصب اسرائیلی حکومت کے وحشیانہ حملوں میں شدت کی خبریں موصول ہو رہی ہیں اور اس علاقے کو زمینی، سمندری اور فضائی حملوں کا نشانہ بنا رکھا ہے۔

 

ٹیگس