اسرائیلی فوج اور نیتن یاہو کے بیٹے کے درمیان لفظی جنگ
نیتن یاہو کے بیٹے نے کہا: حماس کے حملے کے لئے فوج ذمہ دار، اسرائیلی فوج نے پلٹ وار کیا اور کہا: قصوروار آپ کے والد صاحب ہیں۔
سحرنیوز/ عالم اسلام: غاصب اسرائیلی فوج غزہ پٹی پر مسلسل وحشیانہ حملے کر رہی ہے اور اب تک صیہونی بربریت میں 13 ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں 5 ہزار سے زیادہ بچے شامل ہیں۔ اسی درمیان غاصب اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے بیٹے یائر اور غاصب اسرائیلی فوج کے درمیان لفظی جنگ چھڑنے کی خبریں ہیں۔
7 اکتوبر کو "طوفان الاقصیٰ" آپریشن کے تحت غزہ سے فلسطین کے استقامتی محاذ کے مجاہدین نے مقبوضہ علاقوں پر زبردست حملے کئے تھے اور غاصب صیہونی حکومت کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا تھا۔ استقامتی محاذ کے ان حملوں کے بعد سے ہی یہ بحث شروع ہوگئی تھی کہ صیہونی فوج کی شرمناک شکست کے لئے صیہونی حکام میں کون ذمہ دار ہے؟
اسی سلسلے میں صیہونی وزیر اعظم نیتن یاہو کے بیٹے یائر نے حماس کے حملے کے لئے ہائی کورٹ کے ایک فیصلے اور صیہونی فوج کو ذمہ دار قرار دیا ہے۔ یروشلم پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی ریزرو فوج نے اب یائر کے بیان کا چواب دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق غاصب ریزرو فوج نے کہا ہے کہ "یہ آپ کا تکبر بول رہا ہے، قصوروار آپ کے والد صاحب ہیں، آپ تو یہاں سے فرار ہوگئے۔"