Dec ۱۲, ۲۰۲۳ ۱۷:۳۷ Asia/Tehran
  • غزہ میں اپنی ہی فائرنگ میں 20 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ میں زمینی لڑائی کے آغاز سے اب تک اس کے 111 فوجی مارے جا چکے ہیں جن میں سے 20 کی موت فوجیوں کی اپنی ہی فائرنگ کے باعث ہوئی ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق غاصب اسرائیل کے آرمی ریڈیو نے بتایا ہے کہ آج منگل کو غزہ میں جنگ کے 67 ویں دن زمینی لڑائی کے آغاز سے اب تک ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 111 ہو گئی ہے جن میں بڑے فوجی افسران بھی شامل ہیں۔

اسرائیل کے آرمی ریڈیو نے تصدیق کی ہے کہ غزہ میں 20 فوجی اپنی ہی فائرنگ میں ہلاک ہوئے ہیں اور ان میں سے 13 اسرائیلی فوجی وہ ہیں جن کو فلسطینی سمجھ کر گولی ماردی گئی۔

اسرائیلی فوج کے اعلان کردہ اعدادوشمار کے مطابق طوفان الاقصیٰ آپریشن کے آغاز سے اب تک اسرائیلی حکومت کے 435 افسران اور فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔

مقبوضہ فلسطین سے شائع ہونے والے اخبار یدیعوت احارانوت نے غاصب اسرائیلی فوجی ذرائع کے حوالے سے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ غزہ میں جنگ کے آغاز سے اب تک پانچ ہزار سے زیادہ صیہونی فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔

اس اخبار کے مطابق زخمیوں کی اس تعداد میں سے 2000 معذور ہو چکے ہیں۔ اسرائیلی فوجی ذرائع کے مطابق اسرائیلی حکومت کی وزارت جنگ کے پاس روزانہ 60 نئے زخمی آتے ہیں جن میں سے زیادہ شدید زخمی ہوتے ہیں۔

 

ٹیگس