Dec ۱۹, ۲۰۲۳ ۲۰:۲۵ Asia/Tehran
  • اگر یمن پر حملہ کیا تو عالمی جنگ میں تبدیل ہوجائے گا، انصاراللہ کا امریکہ  اور مغرب کو سخت انتباہ

یمن کی تحریک انصار اللہ کے ترجمان نے امریکہ اور مغربی ممالک کو خبردار کیا ہے کہ یمن کے خلاف براہ راست کارروائی ایک علاقائی اور عالمی جنگ میں تبدیل ہو جائے گی۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: المسیرہ نیوز چینل کے مطابق یمن کی تحریک انصار اللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے منگل کے روز کہا کہ بحیرۂ احمر میں ہماری مسلح افواج کی کارروائیوں پر امریکی اسرائیلی اتحاد کا کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

عبدالسلام نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ اس اتحاد کا ہدف صیہونی حکومت کی حمایت کرنا ہے، خبردار کیا کہ یمن کے خلاف کوئی بھی براہ راست کارروائی جنگ کو وسعت دینے کا باعث بنے گی اور ایک علاقائی اور عالمی جنگ میں تبدیل ہو جائے گی جس کے تباہ کن نتائج کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔

تحریک انصار اللہ کے ترجمان عبدالسلام نے اس بات پر زور دیا کہ بحیرۂ احمر اور بحیرۂ عرب میں جہاز رانی کی روک تھام امریکہ اور مغرب کی طرف سے اسرائیل کی حمایت کرنے والے اتحاد میں دوسرے ممالک کو شامل کرنے کے لیے دباؤ ہے۔ ہماری کارروائیاں صرف صیہونی حکومت کے لیے جانے والے جہازوں کو نشانہ بناتی ہیں۔

یمن کی وزارت خارجہ نے بھی بین الاقوامی بحری تنظیم (آئی ایم او) سمیت تمام ممالک اور بین الاقوامی اداروں کو نوٹس بھیجے ہیں اور اس بات پر زور دیا ہے کہ غاصب اسرائیل کو چھوڑ کر تمام مقامات کے لئے جہاز رانی پرامن طور جاری ہے اور یہ کہ بحیرۂ احمر اور بحیرۂ عرب میں یمنی مسلح افواج کی کارروائیاں صرف اسرائیلی بحری جہازوں یا اس کی بندرگاہوں کی طرف جانے والے بحری جہازوں کے خلاف انجام پاتی ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ غزہ پٹی پر غاصب اسرائیلی فوج کے وسیع حملوں کے بعد یمنی فوج  نے فلسطینی عوام کی حمایت میں غاصب اسرائیل یا اس کی بندرگاہوں کی طرف جانے والے بحری جہازوں کو نشانہ بنایا ہے۔

ٹیگس