امریکی اتحاد میں شامل ہونے پر بعض عرب ملکوں کو انصاراللہ کا سخت انتباہ
یمن کی تحریک انصاراللہ نے امریکی اتحاد میں شامل ہونے پر بعض عرب ملکوں کو خبردار کیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: یمن کی تحریک انصاراللہ کے سیاسی دفتر کے رکن محمد البخیتی نے کہا ہے کہ اگر بعض عرب ممالک یمن مخالف اتحاد میں، جسے امریکہ نے تشکیل دیا ہے، شامل ہوں گے تو ہم واضح طور پر اعلان کرتے ہیں کہ ان کی تیل اور گیس کی تمام ریفائنریوں کو نشانہ بنائیں گے اور تمام ٹینکروں کو غرقاب کر دیں گے، خاص طور پر ایسے دنوں میں کہ جب یورپ اور امریکہ میں سردی کا موسم قریب ہے۔
اس سے پہلے بھی البخیتی نے الجزیرہ چینل کے ساتھ گفتگو میں امریکی اتحاد کی تشکیل پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ یمنی فوج بحیرۂ احمر میں امریکی اتحاد کا مقابلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکیوں نے ہمیں یہ تجویز پیش کی کہ ہم بحیرۂ احمر میں اپنا فوجی آپریشن روک دیں تاکہ وہ یمن میں امن کے حصول کی کوششوں کے عمل میں رکاوٹ نہ ڈالیں لیکن ہم نے واضح طور پر ان کی اس تجویز کو مسترد کر دیا اور ان کی دھمکیوں کا مقابلہ کیا۔ بحیرۂ احمر میں ہماری کارروائیاں روکنے کے لیے امریکہ اور دیگر ممالک سے بالواسطہ رابطے کئے جا رہے ہیں۔
یہ ایسے حالات میں ہے کہ بلومبرگ نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ سعودی عرب نے تحریک انصاراللہ سےمقابلے کے سلسلے میں اعتدال کی پالیسی اختیار کی ہے اور اس کی وجہ کسی ایسی دشمنانہ کارروائی کا خوف ہے جو انصاراللہ کو مشتعل کردے اور پھر وہ اپنے فوجی اقدامات کا دائرہ بڑھا دے اور یہ مسئلہ ریاض کے دوبارہ جنگ شروع کرنے کا سبب بن جائے اور مستقل جنگ بندی کی کوششوں کو خطرہ لاحق ہو جائے۔