حزب اللہ کے میزائل اسرائیل کے لیے اسٹریٹیجک خطرہ: سابق صیہونی وزیر جنگ
غاصب صیہونی حکومت کے سابق وزیر جنگ نے حزب اللہ کے میزائلوں کو اسرائیل کے لیے اسٹریٹیجک اور ناقابل برداشت خطرہ قرار دیا ہے۔
سحرنیوز/ عالم اسلام: فلسطینی خبر رساں ایجنسی سما کی رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کے سابق وزیر جنگ ایویگڈور لیبرمین Avigdor Lieberman نے کہا کہ حزب اللہ کی روز افزوں صلاحیت اور توانائی اسرائیل کے لیے ایک اسٹریٹیجک مسئلہ ہے اور کوئی بھی سیاسی فیصلہ اسے حل نہیں کرسکتا۔
رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کے سابق وزیر جنگ نے نیتن یاہو کی کابینہ کو خبردار کیا کہ اگر اس نے حزب اللہ کے ساتھ توازن کو تبدیل نہیں کیا تو مقبوضہ علاقوں کے شمال میں شہریوں کی زندگیاں سنگین خطرات سے دوچار ہوجائیں گی۔
ایویگڈور لیبرمین کا یہ انتباہ مقبوضہ علاقوں کے شمال میں صیہونی حکومت کے ایک فوجی ہیڈ کوارٹر پر حزب اللہ کے میزائل حملے کے بعد آیا ہے۔
حزب اللہ لبنان نے پیر کی شام اعلان کیا تھا کہ مشرقی لبنان کے شہر بعلبک کے اطراف میں غاصب دشمن کے حملے کے جواب میں اس نے "نفح" میں صیہونی حکومت کی جولان بریگیڈ کے ہیڈ کوارٹر پر 60 کیٹیوشا راکٹوں سے حملہ کیا ہے۔ صیہونی حکومت کے بعض ذرائع نے جولان میں رویسات العلم فوجی اڈے کو نشانہ بنائے جانے کی بھی خبر دی ہے۔