Jul ۲۳, ۲۰۲۴ ۱۷:۳۴ Asia/Tehran
  • الحدیدہ بندرگاہ کی تباہی اور اسکے اثرات، اقوام متحدہ کے ایک وفد نے اپنی رپورٹ میں کئے چونکانے والے خلاصے

اقوام متحدہ کے ایک وفد نے صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں کے حالیہ جارحانہ حملوں کے بعد یمن کی الحدیدہ بندرگاہ کی تباہ شدہ تنصیبات کا دورہ کیا ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام:  الحدیدہ معاہدے کی حمایت سے متعلق اقوام متحدہ کے خصوصی وفد کو اس دورے میں، جو کہ متعدد مقامی حکام اور الحدیدہ بندرگاہ کے اہلکاروں کے ساتھ انجام پایا، اس بندرگاہ کو پہنچنے والے نقصانات سے آگاہ کیا گيا- صنعا کی حکومت اور اقوام متحدہ کے درمیان الحدیدہ معاہدہ ، اس عالمی ادارے کی نگرانی میں الحدیدہ کی بندرگاہ کے ذریعے یمن تک انسان دوستانہ امداد کے داخلے کے لیے طے پایا ہے۔

اقوام متحدہ کے وفد کو الحدیدہ آئيل کمپنی کے ڈائرکٹر جنرل عدنان الجرموزی نے اس بندرگاہ اور تنصیبات کو پہنچنے والے نقصانات اور اسی طرح تیل کے ذخائر میں لگی آگ کو بجھانے کے لئے انجام پانے والی کوششوں کے بارے میں بھی معلومات فراہم کیں- اقوام متحدہ کے وفد نے الحدیدہ بندرگاہ پر صیہونی حکومت کے حملوں کی شدت اور اس کے انسانی صورتحال پر پڑنے والے نتائج کے بارے میں اس بندرگاہ کے مقامی حکام اور اہلکاروں کی وضاحتیں سنیں اور ایک بار پھر یمنی بندرگاہوں کے فوجی موجودگی سے عاری ہونے پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ یہ بندرگاہیں اقوام متحدہ کے اہلکاروں اور ان کے مسلسل فیلڈ وزیٹرز کی نگرانی میں ہیں-

واضح رہے کہ صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے ہفتے کی شام کو مغربی یمن کے بندرگاہی شہر الحدیدہ کے تیل کی تنصیبات اور ذخائر پر ہوائی حملہ کیا تھا - صیہونی حکومت نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ تنصیبات فوجی مقاصد کے لیے استعمال ہوتی ہیں۔ واضح رہے کہ الحدیدہ بندرگاہ یمن کی اہم ترین بندرگاہ ہے جس کے ذریعے انسانی امداد اقوام متحدہ کی نگرانی میں ملک میں داخل ہوتی ہے۔ یمن کی حدیدہ بندرگاہ کے حکام نے اقوام متحدہ کے نمائندوں سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کو جو مشن سونپا گيا ہے اور ان کے اوپر جو ذمہ داری عائد کی گئی ہے اسے بحسن و بخوبی انجام دیں اور الحدیدہ بندرگاہ پر اسرائیلی حکومت کے وحشیانہ حملوں کی مذمت کریں اور ان حملوں کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات اور اس حکومت کی طرف سے بین الاقوامی قوانین کی واضح خلاف ورزی سے متلعق اقوام متحدہ کو رپورٹ پیش کریں۔

الحدیدہ بندرگاہ کے حکام نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ یہ بندرگاہ فوجی مقاصد کے لئے نہیں ہے اور یہ لاکھوں یمنیوں کو خدمات فراہم کرتی ہے کہا کہ اقوام متحدہ کو ان تباہ کن نتائج اور یمنی عوام کے مفادات کو پہنچنے والے نقصانات کی پوری ذمہ داری قبول کرنی چاہیے۔ الحدیدہ بندرگاہ پر صیہونی حکومت کے حالیہ حملوں کے بعد یمن کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ ان حملوں کے نتیجے میں چھ یمنی شہری شہید، تین افراد لاپتہ اور تراسی زخمی ہوئے ہیں۔

 

ٹیگس