فلسطین سے آئے شہداء کے نئے اعداد و شمار
فلسطین کی وزارت صحت نے غزہ میں جارح صیہونی فوج کے ہاتھوں شہید کئے گئے فلسطینیوں کے تازہ اعداد وشمار کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ پر حملے کے وقت سے اب تک انتالیس ہزار نوے فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔
سحرنیوز/عالم اسلام: فلسطین کی وزارت صحت نے منگل کو اعلان کیا کہ صیہونی حکومت نے گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران غزہ کے مختلف مقامات پر آٹھ حملے کرکے چوراسی فلسطینیوں کو شہید اور دو سو انتیس کو زخمی کردیا- ان شہداء کے ساتھ ہی، سات اکتوبر کو طوفان الاقصی آپریشن کے آغاز سے لے کر اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد انتالیس ہزار نوے تک پہنچ گئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد نوے ہزار ایک سو سینتالیس ہوگئی ہے-
وزارت صحت نے اسی طرح جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں گذشتہ دو دنوں میں صیہونی حکومت کے تازہ ترین حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کے اعداد و شمار کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان حملوں کے نتیجے میں خان یونس میں تہتر افراد شہید ہوئے کہ جن میں چوبیس بچے اور پندرہ خواتین شامل ہیں- اسی طرح خان یونس میں ہی صیہونی حکومت کی جارحیت میں گذشتہ دو روز کے دوران دو سو ستر افراد زخمی بھی ہوئے ہيں کہ جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے-
غزہ کے خلاف صیہونی حکومت کی جنگ کے آغاز کو نو مہینے کا عرصہ گزرنے کے باوجود ، یہ جنگ کہ جو تحریک حماس کی نابودی اور سات اکتوبر کو حماس کے ہاتھوں قیدی بنائے گئے صیہونیوں کی رہائی کے مقصد سے شروع کی گئی تھی، اب تک اس غاصب حکومت کو اپنے کسی مقصد میں کامیابی نہیں ملی ہے-