حزب اللہ نے نتن یاہو کے جھوٹ کا جواب سچی گولیوں سے دیا، ایک اور فوجی اڈہ بنا نشانہ
حزب اللہ لبنان نے صیہونی جارحیت کے جواب میں حملوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مقبوضہ شمالی فلسطین میں صیہونی فوجیوں کے اڈے کو ایک بار پھر نشانہ بنایا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: حزب اللہ نے مقبوضہ شمالی فلسطین میں شتولا میں صیہونی فوجیوں کے ایک اجتماع کے مرکز کو نشانہ بنایا۔ حزب اللہ لبنان نے اسی طرح اعلان کیا ہے کہ المنارہ میں صیہونی فوجی اڈے پر حملہ کیا اور یہ حملہ، کفر حمام پر صیہونی جارحیت کے جواب اور فلسطینیوں کی حمایت میں کیا گیا۔
صیہونی ذرائع نے بھی شتولا پر چار راکٹوں سے حملہ ہونے کا اعتراف کیا ہے۔ ان ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ المنارہ میں حزب اللہ کے میزائل حملے کے نتیجے میں شدید آگ لگ گئی اور صیہونی فائر بریگیڈ کے عملے کو آگ بجھاتے دیکھا گیا۔
حزب اللہ نے ہمیشہ تاکید کی ہے کہ غزہ کی حمایت میں حزب اللہ لبنان کے صیہونی اہداف پر حملے ہر ممکن شکل میں جاری رہیں گے اور ان حملوں کی روک تھام کا واحد راستہ غزہ کے خلاف جارحیت کا خاتمہ ہے۔ فلسطین کی تحریک استقامت کے طوفان الاقصی آپریشن کے آغاز کے بعد سے لبنان کی حزب اللہ نے مقبوضہ فلسطین کے شمالی علاقوں پر تین ہزار سے زیادہ راکٹ فائر کیے ہیں اور حزب اللہ لبنان کی جانب سے مسلسل صیہونی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔