Jul ۲۷, ۲۰۲۴ ۱۶:۱۰ Asia/Tehran
  • یمن کی دلیری دیکھ کر دشمن حیران و پریشان، یمنی نہ کبھی جھکے ہیں اور نہ جھکیں گے

یمن کی ساحلی دفاعی یونٹ نے زور دے کہا ہے کہ ملک کی مسلح افواج صیہونی حکومت کے خلاف لڑتی رہیں گی اور اس وقت تک اپنا دفاع کرتی رہیں گی جب تک حق کی فتح نہیں ہو جاتی اور غزہ کے بچوں اور فلسطینی عوام کے خلاف جنگ بند نہیں ہو جاتی۔

سحرنیوز/عالم اسلام: میجر جنرل "محمد القادری" نے المیادین ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے غزہ پٹی کے عوام کی حمایت اور مزاحمت کے سلسلے میں یمنی عوام کی ثابت قدمی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی یمن کی الحدیدہ بندرگاہ پر صیہونی حکومت کے حالیہ حملے نے جنگ کے لئے یمنیوں کے محرکات و عزم و ارادے کو کم نہیں کیا ہے بلکہ اسے بڑھایا ہے ۔ جنرل محمد القادری نے کہا کہ بحیرہ احمر کے محافظ کی حیثیت سے ہم یہ پیغام دے رہے ہیں کہ صہیونی دشمن کی طرف سے صوبہ الحدیدہ کو نشانہ بنانے سے ہماری قوت، ارادے اور جذبے میں اضافہ ہوا ہے۔

یمن کے ساحلی گارڈ کے کمانڈر نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ صوبہ الحدیدہ کے تمام لوگوں نے عظیم الشان مظاہرے کرکے اور ریلیاں نکال کر صیہونی حکومت کو یہ بتا دیا ہے کہ وہ جھکنے والے اور پسپائی اختیار کرنے والے نہیں ہیں اور انقلاب یمن کے رہنما سید عبدالملک الحوثی کے فرمان و احکامات کی پیروی کرتے رہیں گے۔ انھوں نے کہا کہ جب تک غزہ کے بچوں کے خلاف جنگ بند نہیں ہوجاتی اس وقت تک وہ گھٹنے ٹیکنے والے اور پیچھے ہٹنے والے نہيں ہیں اور صیہونی دشمن اور امریکہ چاہے جتنے بھی حملے ہم پر کر لے لیکن کامیابی ہماری ہوگی۔

جنرل القادری نے کہا کہ صنعا اور صوبہ الحدیدہ کے عوام سب ہی پوری طرح تیار ہیں۔ یمن کے سیاسی شعبے کے سربراہ محمد علی الحوثی نے بھی الحدیدہ بندرگاہ پر صیہونی حکومت کے حملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ رہبر انقلاب نے جو وعدہ کیا ہے وہ پورا ہوگا۔ محمد علی الحوثی نے ایکس پر اپنے پیج پر لکھا کہ ردعمل سامنے آنے والا ہے اور انصار اللہ یمن کے رہنما سید عبدالملک الحوثی نے جو کہا ہے وہ ہو کر رہے گا اور جو وعدہ کیا ہے وہ پورا ہونے والا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ تحریک یمن کے رہنما سید عبدالملک الحوثی نے دو روز قبل اعلان کیا تھا کہ غزہ کے مظلوم عوام کے حامی محاذ نے جنگ کا پانچواں مرحلہ شروع کردیا ہے اور یمن کی مسلح افواج نے گذشتہ ہفتے یافا ڈرون کے ذریعے تل ابیب پر حملہ کیا تھا۔ انھوں نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ صیہونی ، یمنی فوج کا عزم و ثبات پہچان چکے ہيں کہا کہ الحدیدہ بندرگاہ پر اسرائیلی حکومت کا حملہ نمائشی ہے اور اس کا مقصد یمنی عوام کی معیشت کو نقصان پہنچانا اور یمن کو فلسطین کی حمایت و مدد سے روکنا تھا۔

تحریک انصار اللہ کے رہنما نے کہا کہ دشمن، یمن کو ایک عجیب ملک سمجھتا ہے جس کے سلسلے میں معمول کا دفاعی اصول و قانون صادق نہيں آتا ہے۔ سید عبدالملک الحوثی نے ایک بار پھر تاکید کے ساتھ کہا کہ صیہونی حکومت کے حملوں کا جواب جلد دیا جائے گا اور وہ ناقابل اجتناب ہے۔ صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے رواں مہینے میں مغربی یمن کی الحدیدہ بندرگاہ کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا تھا۔ یمنی ذرا‏ئع ابلاغ نے رپورٹ دی تھی کہ غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے اس حملے میں تیل کے ذخائر کو نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر اطراف کے علاقوں میں بھی آگ لگ گئی تھی۔ یمن کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ اس حملے میں کئی افراد شہید اور زخمی ہوگئے تھے۔

 

ٹیگس