دہشتگرد اسرائیلی فوجیوں کے ٹھکانوں پر حزب اللہ نے کیا ایک ساتھ کئی طرح کے حملے، صیہونی کالونیوں میں مچی افرا تفری
حزب اللہ لبنان نے شمالی مقبوضہ فلسطین میں غاصب صیہونی حکومت کے فوجی مراکز پر میزائل، ڈرون اور توپخانے سے ایک ساتھ حملے کئے ہیں۔
سحرنیوز/عالم اسلام: ارنا نے پیر کو حزب اللہ کے وار میڈیا سیل کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ حزب اللہ نے ثابت قدم مظلوم فلسطینی عوام اور استقامتی فلسطینی محاذ کی حمایت نیز جنوبی لبنان کی دیہی بستیوں اور عام شہریوں کے گھروں پر صیہونی حکومت کے حملوں کے جواب میں غاصب صیہونی فوج کے متعدد مراکز کو ایک بار پھر نشانہ بنایا ہے۔ حزب اللہ لبنان نے ایک بیان جاری کر کے بتایا ہے کہ اس کے مجاہدین نے مسلح ڈرون اسکواڈرن سے صیہونی فوج کی گولانی بریگیڈ اور عکا کے شمال میں واقع شراغا فوجی چھاؤنی پر حملہ کیا ہے۔
اس ڈرون حملے میں گولانی بریگیڈ اور شراغا فوجی چھاؤنی میں فوجیوں کے ساتھ ہی صیہونی فوجی افسروں کے مراکز بھی نشانہ بنے ہیں۔ حزب اللہ لبنان نے اپنے ایک اور بیان میں اعلان کیا ہے کہ یعرا فوجی چھاؤنی کے جنوب میں صیہونی فوج کی ویسٹرن بریگیڈ کے نئے ہیڈکواٹر پر میزائلوں سے حملہ کیا گیا ہے۔ حزب اللہ نے اسی طرح غاصب صیہونی فوج کے المرج اڈے پر توپخانے سے گولہ باری کی ہے۔
یاد رہے کہ سات اکتوبر 2023 کو فلسطینی مزاحمتی محاذ کے آپریشن "طوفان الاقصی" میں اپنی ناقابل تلافی شکست کا بدلہ فلسطینی عوام سے لینے کے لئے غاصب صیہونی حکومت کی جانب سے غزہ پر وحشیانہ حملوں کے آغاز کے ساتھ ہی، حزب اللہ لبنان نے شمالی مقبوضہ فلسطین میں صیہونی فوج کے ایک بڑے حصے کو مصروف رکھنے اور غزہ میں مزاحمتی فلسطینی محاذ پر دباؤ کو کم کرنے کے لیے، کارروائیاں شروع کر دی تھیں۔
مقبوضہ شمالی فلسطین میں حزب اللہ کے حملوں میں غاصب صیہونی فوج کو سنگین جانی اور مالی نقصان پہنچا ہے اور غیر قانونی صیہونی آباد کاروں کی ایک بڑی تعداد شمالی مقبوضہ فلسطین سے چلی گئی ہے جس کی وجہ سے غیر قانونی صیہونی کالونیاں خالی ہوگئی ہیں اور کچھ کالونیوں میں صیہونی فوجیوں نے اپنے مراکز بنالئے ہیں۔
صیہونی میڈیا کے حوالے سے رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ جو تھوڑے بہت صیہونی آباد کار ان کالونیوں میں رہ گئے ہیں وہ دماغی اور نفسیاتی مریض ہوگئے ہیں ۔