صیہونی جنگی طیاروں کی لبنان کے مختلف علاقوں پر شدید بمباری، شہدا کی تعداد 2350 ہو گئی
صیہونی حکومت کی جارح فوج نے اپنے تازہ ترین جرائم میں لبنان کے مختلف علاقوں کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے لبنان کی مرکبا، الطیبہ، تل العویضہ، مجدل سلم ، قانا اور المجادل کالونیوں پر بمباری کی ہے۔
صیہونی غاصبوں نے شہر النبطیہ اور اس کے مضافات میں دس سے زیادہ حملے کئے جس کے نتیجے میں کئی عام شہری شہید اور زخمی ہوگئے جبکہ بمباری میں بلدیہ کی عمارت تباہ ہو گئی۔
لبنان کے شہر صور کے جنوب مشرق میں واقع قانا کالونی پر صیہونی جنگی طیاروں کی بمباری میں بھی دس افراد شہید اور پندرہ سے زیادہ زخمی ہو گئے۔
لبنان کی وزارت صحت کے اعلان کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق لبنان پر اکتوبر سے ہونے والے صیہونی فوج کے حملوں میں اب تک دو ہزار تین سو پچاس سے زیادہ عام شہری شہید اور دس ہزار سے زيادہ زخمی ہو چکے ہيں ۔