غزہ کے کمال عدوان اسپتال پر صیہونی دہشتگردوں کی بمباری
مرکزی غزہ کے ایک علاقے پر صیہونی دہشتگردوں کی بمباری میں کم از کم سولہ فلسطینی شہریوں کے شہید ہونے کی خبر ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ صیہونی دہشتگردوں نے ایک بار پھر النصیرات کیمپ پر بمباری کی کہ جس میں سولہ فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق صیہونی دہشتگردوں نے غزہ پٹی کے مختلف علاقوں پر بمباری کی۔ جبالیا کیمپ میں النزلہ نامی ایک کلب کے قریب صیہونی ٹولے نے دو فضائی حملے کئے۔ اس کے علاوہ جنوبی غزہ کے الصبرہ محلے پر صیہونی دہشتگردوں کے توپخانوں نے گولہ باری کی۔
صیہونی دہشتگردوں نے شمالی غزہ کے کمال عدوان اسپتال پر ایک بار پھر بمباری کی ہے ۔ غزہ میں وزارت صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حملے میں صیہونی جنگی طیاروں نے دواؤوں کے ایک گودام اور عالمی ادارہ صحت کے طبی وسائل و آلات پر بمباری کی ۔
المیادین ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق صیہونی دہشتگردوں نے کمال عدوان اسپتال کی بالائی منزل کو نشانہ منایا جہاں دواؤں کا گودام اور پانچ روز قبل عالمی ادارہ صحت کے ذریعے بھیجے گئے طبی وسائل و آلات موجود تھے۔
کمال عدوان اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ابو صفیہ نے فلسطینیوں کی ہو رہی نسل کشی پر عالمی برادری کی خاموشی پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے خبردار کیا کہ شمالی غزہ کے بیت لاہیا علاقے کے زیادہ تر زخمی ممکن ہے طبی سہولیات کی کمی کے سبب اپنی جان گنوا بیٹھیں۔ اس درمیان غزہ پٹی کے شمال مغربی علاقے الصفطاوی میں صیہونی دہشتگردوں کے ساتھ فلسطینی نوجوانوں کی شدید جھڑپوں کی بھی اطلاعات ہیں۔