حزب اللہ نے کن میزائلوں سے تل ابیب کو نشانہ بنایا ؟
حزب اللہ لبنان نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ پیرکی رات تل ابیب میں اہم فوجی علاقوں پر ڈرون طیاروں سے حملے کئے گئے ہیں۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: رپورٹ کے مطابق حزب اللہ نے اعلان کیا ہے کہ یہ حملے فجر تین میزائلوں اور ڈرون طیاروں سے کئے گئے۔ ان حملوں کے نتیجے میں کئی صیہونی زخمی ہو گئے جبکہ تل ابیب کے ایک بڑے علاقے کی بجلی منقطع ہو گئی۔
دوسری جانب حزب اللہ نے ایک ویڈیوفلم نشر کر کے استیلا ماریس اور صیہونی بحریہ کے خصوصی ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنائے جانے کی تصاویر جاری کی ہیں۔
صیہونی پولیس نے بھی اعتراف کیا ہے کہ لبنان سے تل ابیب پر فائر کئے گئے میزائل کو فضا میں تباہ کئے جانے کی کوشش ناکام رہی ہے اور میزائل اپنے ہدف کو نشانہ بنانے میں کامیاب رہا ہے۔
صیہونی ذرائع نے اسی طرح اعلان کیا ہے کہ تل ابیب کے ایک بڑے علاقے میں کئی دھماکے ہونے کی آوازیں سنی گئی ہیں جبکہ بعض ذرائع نے تل ابیب کا بن گورین ایرپورٹ بند کر دیئے جانے کی خبر دی ہے۔
بعض ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ تل ابیب پر بیلسٹک میزائلوں سے حملہ ہوا ہے۔ صیہونی ذرائع نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ تل ابیب کے مشرق میں ایک بڑا تجارتی مرکز براہ راست حملے کا نشانہ بنا ہے۔
صیہونی فوج نے بھی تصدیق کی ہے کہ جن میزائلوں سے تل ابیب کو نشانہ بنایا گيا وہ لبنان سے فائر ہوئے۔ صیہونی ٹی وی چینل تیرہ نے بھی اعلان کیا ہے کہ تل ابیب پر میزائل حملوں کے نتیجے میں بنی براک کے علاقے میں وسیع پیمانے پر آگ لگ گئی جبکہ حیفا کی فضا میں ایک ڈرون طیارہ داخل ہونے کے بعد شہر میں خطرے کا سائرن بجنے لگا۔