صیہونی فوجی ٹھکانوں پر یمنی فوج کے حملے
یمنی فوج نے ایک بار پھر صیہونی فوجی ٹھکانوں پر میزائلی حملے کئے ہیں جبکہ تل ابیب میں کافی دیر تک خطرے کے سائرن بجتے رہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: صیہونی ذرائع کے مطابق مغربی رام اللہ میں واقع ایک فوجی چھاونی پر یمن کا ایک میزائل لگا ہے۔ صیہونی ذرائع کے مطابق یمن سے فائر ہونے والا ایک میزائل مغربی رام اللہ میں واقع مودیعین فوجی چھاونی پر لگا ہے۔ صیہونی فوج نے یمنی میزائل کو روکنے میں اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے ایک ميزائل اسرائیلی حدود میں داخل ہوا تھا جسے روکنے کی کوشش کی گئي تاہم اس کوشش کے نتائج کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ صیہونی ٹی وی چینل نے بھی بتایا ہے کہ بارہ آباد کار پناہ گاہوں کی سمت بھاگتے وقت زخمی ہو گئے جبکہ 9 صیہونیوں کو خوف و ہراس کی وجہ سے طبیعت خراب ہونے کے بعد اسپتال پہنچانا پڑا۔ جمعہ کی صبح بھی ذرائع ابلاغ نے بتایا ہے کہ مقبوضہ فلسطین کے جنوبی بیت المقدس سے لے کر تل ابیب اور دیگر کئی علاقوں تک خطرے کے سائرن کی آوازیں گونجتی رہیں۔ صیہونی ذرائع ابلاغ نے یمن سے میزائل فائر کئے جانے کی خبر دی ہے اور جنوبی بیت المقدس میں شدید دھماکوں کی آوازیں سنی گئيں۔
ذرائع ابلاغ نے بتایا ہے کہ بن گورین ہوائی اڈے سے پروازیں منسوخ کر دی گئيں۔