Jan ۱۵, ۲۰۲۵ ۱۶:۴۹ Asia/Tehran
  • فلسطینیوں کی نسل کشی کا سلسلہ جاری، دہشتگرد اسرائیل کے تازہ وحشیانہ حملوں میں دسیوں فلسطینی شہید

غزہ پر جاری صیہونی حکومت کی فوج کے حملوں میں دسیوں فلسطینیوں کی شہادت کی خبریں موصول ہوئی ہیں جبکہ فلسطین کی تحریک مجاہدین نے فلسطینی انتظامیہ کے صدر محمود عباس کی جانب سے جنین کیمپ کے محاصرے پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام:  ارنا کی رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی حکومت نے غزہ پٹی کے خلاف اپنے جرائم کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مرکزی غزہ کے النصیرات کیمپ پر بمباری کی جس کے نتیجے میں تیرہ فلسطینی منجملہ چند خواتین اور بچے شہید ہوگئے ہيں، جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ مرکزی غزہ کے بعض علاقوں پر صیہونی فوج کے حملوں میں بھی سات فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہيں۔

دریں اثنا فلسطینی ذرائع نے البریج کیمپ کے ایک مکان پر صیہونی جنگي طیاروں کی بمباری میں تین فلسطینی شہید ہوئے ہيں جبکہ شہر خان یونس کے المواصی علاقے میں ایک خیمے پر صیہونیوں کی بمباری میں تین دیگر فلسطینیوں کی شہادت کی خبر دی ہے۔ صیہونیوں نے غزہ شہر میں ایک اسکول پر بمباری کی جس میں 7 فلسطینی شہید ہوگئے۔ دیرالبلح اور النصیرات پناہ گزین کیمپ میں بھی متعدد فلسطینی شہید ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ رات سے غزہ کے مختلف علاقوں پر صیہونی جنگي طیاروں کی بمباری میں اب تک چھبیس فلسطینی شہری شہید ہوچکے ہیں۔ جنگ بندی معاہدہ قریب ہونے کی خبروں کے باوجود غزہ پر صیہونی حکومت غزہ کے مختلف علاقوں پر مسلسل حملے کر رہی ہے۔ العربی الجدید کے مطابق، جنگ غزہ کے چارسو سڑسٹھویں دن میں داخل ہوگئی ہے تاہم صیہونی جیٹ فائٹروں نے غزہ کے بعض علاقوں میں شدید بمباری کی-

فلسطینی انتظامیہ کے صدر محمود عباس

درایں اثنا فلسطین کی مجاہدین تحریک نے محمود عباس کی سیکورٹی فورس کی جانب سے جنین کیمپ کے محاصرے پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ "مجاہدین تحریک" کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسی حالت میں کہ جب صیہونی حکومت جنین کیمپ پر بمباری کرکے مسئلہ فلسطین اور فلسطینی عوام کے طاقت کے اقدار کو تباہ کر رہی ہے، فلسطینی انتظامیہ جنین کیمپ کا محاصرہ کرکے صیہونی دشمن کی خدمت کر رہی ہے مجاہدین تحریک کے بیان میں آيا ہے کہ صیہونی حکومت نے ثابت کردیا ہے کہ وہ تمام فلسطینیوں کو ختم کردینے کے اپنے منصوبے پر کاربند ہے۔ اس بیان میں محدود اختیارات کی حامل محمود عباس کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ عقل اور منطق کا استعمال کرتے ہوئے جنین کیمپ کے محاصرے اور فلسطینی مجاہدوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ ختم کرے۔

مجاہدین تحریک نے غرب اردن میں صیہونی دشمن کے خلاف کارروائیوں میں اضافے کی بھی اپیل کی ہے۔ اس بیان میں فتح تحریک کے سمجھدار ارکان سے اپیل کی گئی ہے کہ محمود عباس کو فلسطینیوں کے خلاف اقدامات سے روک دیں۔ مجاہدین تحریک نے تمام فلسطینیوں سے دشمنوں کی سازشوں کے سامنے متحد ہوکر صیہونیوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کی بھی اپیل کی ہے۔

 

ٹیگس