اپنی ہی دہشت گرد حکومت کی وحشیانہ بمباری میں ہلاک ہونے والے چار صیہونیوں کے جنازے ریڈ کراس کے حوالے
غزہ میں خود اپنی حکومت کی بمباری میں ہلاک ہونے والے چار صیہونی قیدیوں کے جنازوں کو حماس نے ریڈ کراس کے حوالے کر دیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: رات کی تاریکی کے سبب ہلاک شدہ صیہونی قیدیوں کے جنازوں کو بغیر کسی خاص تقریب اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کی عدم موجودگی میں ریڈ کراس کے حوالے کیا گیا۔ العربی چینل نے اپنی رپورٹ میں صیہونی قیدیوں کے جنازوں کی منتقلی کے عمل کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ عالمی ریڈ کراس سوسائٹی کی ٹیم جنازوں کو تحویل میں لے لینے کے بعد کرم ابو سلیم گزرگاہ سے واپس مقبوضہ فلسطین کی جانب چلی گئی۔

اس سے قبل صیہونی حکومت نے قیدیوں کے تبادلے کے موقع پر اپنی طاقت اور استقامت کے مظاہرے پر سخت برہمی ظاہر کی تھی۔ صیہونی قیدیوں کی رہائی اور انہیں ریڈ کراس کی تحویل میں دینے کے حوالے سے حماس کے فاتحانہ انداز کو عالمی سطح پر صیہونی حکومت کی شکست کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ صیہونی اور فلسطینی قیدیوں کے تبادلے کا عمل ایسے عالم میں انجام پا رہا ہے کہ حماس کے مقابلے میں ناکامی سے بھوکھلائے صیہونی دہشتگرد مغربی کنارے میں اپنی جارحیت کے دوران اب تک ایسے متعدد فلسطینیوں کو دوبارہ اغوا کر چکے ہیں جنہیں حال ہی میں صیہونی عقوبت خانوں سے رہائی ملی تھی۔