Aug ۰۶, ۲۰۲۵ ۱۶:۲۱ Asia/Tehran
  • حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے معاملے پر لبنان کی کابینہ میں اختلافات پیدا ہو گئے ہیں

لبنانی ذرائع کا کہنا ہے کہ حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے موضوع پر بیروت میں لبنانی کابینہ کا ایک اہم اجلاس ہوا ہے ۔

سحرنیوز/عالم اسلام:لبنانی ذرائع کا کہنا ہے کہ حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے موضوع پر بیروت میں لبنانی کابینہ کا ایک اہم اجلاس ہوا جس کے دوران حزب اللہ اور امل تحریک سے تعلق رکھنے والے وزراء احتجاجا اجلاس سے واک آؤٹ کر گئے۔

المنار چینل کے مطابق وزیراعظم نواف سلام کی جانب سے لبنانی مزاحمت کو غیر مسلح کرنے پر اصرار نے کشیدگی کو جنم دیا۔

حزب اللہ کے وزیر رکان ناصرالدین اور امل کے وزیر تمار الزین نے اس زور زبردستی کو اجتماعی اتفاق رائے کے خلاف قرار دیتے ہوئے اجلاس چھوڑ دیا۔

یہ اجلاس صدارتی محل میں منعقد ہوا، جس میں کئی اہم موضوعات زیر بحث آئے، جن میں سر فہرست مزاحمتی قوتوں کے اسلحے کا معاملہ تھا۔ نواف سلام نے اجلاس کے بعد اعلان کیا کہ مزاحمتی قوت کے ہتھیار کے معاملے پر آئندہ جمعرات کو دوبارہ مذاکرات ہوں گے۔

انہوں نے لبنانی فوج کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اسلحہ محدود کرنے کا جامع منصوبہ اکتیس اگست سے پہلے حکومت کو پیش کرے۔

خیال رہے کہ حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے گزشتہ روز اپنے خطاب میں خبردار کیا تھا کہ اس تنظیم کو غیر مسلح کر کے ملک کے خلاف صیہونی حکومت کی جارحیت کو نہیں روکا جا سکتا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دنیا میں کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ کسی ملک کو اپنے اقتدار اعلیٰ اور ارضی سالمیت کے تحفظ کے لئے استعمال ہونے والی اس کی طاقت سے محروم کرے۔ 

ٹیگس