غزہ کے مختلف علاقوں پر غاصب اسرائيلی فوج کے تازہ حملوں میں 24 بچوں سمیت 100 فلسطینی شہید
غزہ کی پٹی کے کئی علاقوں پر اسرائیلی فضائی حملوں میں 24 بچوں سمیت 100 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔ ان وحشیانہ حملوں میں اور 50 سے زیادہ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
سحرنیوز/عالم اسلام: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق غزہ کی پٹی کے طبی ذرائع نے بدھ کی صبح بتایا کہ غاصب صیہونی حکومت کی جانب سے جاری جنگ بندی کی خلاف ورزی کے دوران منگل کی رات غزہ کے شمال اور جنوب میں واقع علاقوں پر فضائی حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 100 ہوگئی ہے۔
غزہ شہر کے اسپتال ذرائع نے بتایا کہ شہید ہونے والوں میں 24 بچے شامل ہیں جو علاقے میں رہائشی مکانات پر اسرائیلی حملوں میں شہید ہوئے۔ غزہ کے العودہ اسپتال کے ایک ذریعے نے بتایا کہ النصیرات کیمپ میں ایک نجی گھر پر اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والے 8 افراد میں 4 بچے شامل ہیں۔
غزہ شہر کے جنوب مغرب میں واقع علاقے "تل الہوی" میں بھی ایک رہائشی مکان پر اسرائیلی حملے میں ایک خاتون اور اس کی بچی شہید ہو گئی۔
اسرائیلی حکومت نے غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے منگل کی رات ایک بار پھر غزہ کی پٹی کے علاقوں کو شدید فضائی حملوں سے نشانہ بنایا۔ غاصب اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر نے منگل کی رات اعلان کیا کہ نیتن یاہو نے رفح میں ایک اسرائیلی فوجی کی ہلاکت کے بعد غزہ پر فوری طور پر "سخت حملوں" کا حکم دیا ہے۔