Mar ۳۱, ۲۰۲۵ ۱۹:۱۴ Asia/Tehran
  • برصغیر میں بھی آج عیدالفطر روایتی شان کو شوکت کے ساتھ منائی گئی

ہندوستان، پاکستان اور بنگلہ دیش میں 31 مارچ، 2025 پیر کے دن عید الفطر انتہائی مذہبی جوش وعقیدت کے ساتھ منائی گئی۔ اس موقع پر پورے ملک میں نماز عید کے روح پروراجتماعات منعقد ہوئے۔

دہلی سے ہمارے نمائندے نے خبردی ہے کہ ہندوستان میں آج عید الفطر انتہائی مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جارہی  ہے۔ نمازعید الفطر کے روح پرور اجتماعات پورے ملک میں منعقد ہوئے جس میں بڑی تعداد میں فرزندان اسلام نے ایک ماہ کے روزے اور عبادت کے بعد سجدہ شکرادا کیا۔

نمازعید کے مرکزی اجتماعات دہلی کی جامع مساجد اور اسی طرح ممبئی حیدرآباد لکھنو ملک کے سبھی بڑے بڑے شہروں اور ساتھ ہی دیگر شہروں اور قصبہ جات میں منعقد ہوئے۔ ہندوستان کی صدر مرمو اور وزیراعظم مودی نے عید الفطر پر ہندوستانی عوام کو مبارکباد پیش کی۔

ہندوستان کی صدر نے مبارکبادی کے پیغام میں کہا کہ عیدالفطر ہمیں پرامن زندگی گزارنے اور معاشرے کی خوشحالی کے لئے کام کرنے کی ترغیب دلاتا ہے، انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ میں تمام ہم وطنوں خاص طور پر مسلمان بھائی بہنوں کو مبارکباد پیش کرتی ہوں ۔

وہیں پاکستان کے قومی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، کراچی،حیدرآباد سندھ، پشاور اور کوئٹہ سمیت پورے پاکستان میں آج، عیدگاہوں، مساجد اورحسینیوں نماز عید الفطر کے بڑے بڑے اجتماعات دیکھے گئے۔ پاکستان میں نماز عیدالفطر میں مسلمانوں کی سربلندی، بالخصوص مظلوم فلسطینی عوام کی رنج الم سے رہائی نیز قبلہ مسجدالاقصی سمیت سرزمین فلسطین کی صیہونیوں کے ناجائز قبضے سے آزادی کی دعائيں کی گئيں۔

پاکستان کے صدر،وزیر اعظم ، اسپیکر پارلیمان، چیئر مین سینیٹ اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے عیدالفطر کی مناسبت سے پیغامات جاری کرکے عوام کومبارکبادپیش کی ہے اور ہر میدان میں ان کی کامیابی کی آرزو کی ہے۔

ادھر بنگلہ دیش کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں کی جامع مساجد، عیدگاہوں اور کھلے مقامات پر بھی عید الفطر کی نماز کے اجتماعات منعقد کیے گئے۔

 

ٹیگس