Aug ۲۸, ۲۰۲۲ ۱۰:۲۸ Asia/Tehran
  • فائل فوٹو
    فائل فوٹو

پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے باوجود سیاسی اختلافات عروج پر ہیں اور اس ملک کے وزیر اعظم نے سیلاب کی تباہ کاریوں پر اے پی سی طلب تو کی تاہم اس میں سب سے بڑی اپوزیشن جماعت پی ٹی آئی کو دعوت نہیں دی گئی۔

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے سیلاب کی صورت حال پر کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) طلب کرلی۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ کل جماعتی کانفرنس پیر کو سہ پہر وزیر اعظم ہاؤس میں منعقد کی جائے گی۔

آل پارٹیز کانفرنس میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور اتحادی جماعتوں سمیت تمام سیاسی پارٹیوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اے پی سی میں ملک میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے متعلق امور پر مشاورت ہوگی۔

ذرائع کا یہ بھی بتانا تھا کہ سیلاب کی صورت حال پر بلائی گئی اس اے پی سی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو دعوت نہیں دی گئی۔ جس سے اس ملک میں سیاسی اختلافات کی شدت کا پتہ چلتا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں مسلسل بارشوں کے بعد سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 1000 سے تجاز کرگئی ہے، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران سندھ میں 33، خیبر پختونخوا میں 10، پنجاب میں 2 اموات رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد 57 لاکھ 68 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کےدوران 12 ہزار گھر ملیا میٹ، ساڑھے 8 ہزار لائف اسٹاک، 3 ہزار 116 کلومیٹر شاہراہیں، 149 پُل سیلاب کی نظر ہوئے۔

ٹیگس