پاکستان نے کی کرمان کے دہشت گردانہ دھماکوں کی مذمت
پاکستان کے وزیراعظم، وزیرخارجہ اور قومی اسمبلی کے اسپیکر نے الگ الگ پیغامات میں کرمان کے دہشت گردانہ دھماکوں کی مذمت کی ہے ۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی کے نام پیغام میں کہا ہے کہ کرمان میں انجام پانے والے دہشت گردانہ حملے میں انسانی جانیں ضائع ہونے پر انہيں صدمہ پہنچا ہے۔
پاکستان کے نگران وزیراعظم نے مزید کہا ہے کہ ہم دہشت گردوں کے وحشیانہ اقدام کی سخت مذمت کرتے ہیں اور اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ یکجہتی کا اعلان کرتے ہیں۔
پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر راجا پرویز اشرف نے بھی ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ وہ کرمان میں دہشت گردانہ حملوں کی سخت مذمت کرتے ہیں اور اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت اورعوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
پاکستان کے نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس نے بھی اپنے سوشل میڈیا کے ایکس پیج پر اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ کے نام پیغام جاری کرکے لکھا ہے کہ پاکستان کرمان میں انجام پانے والے دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کرتا ہے اور ایران کی قوم اور حکومت کو تہہ دل سے تعزیت پیش کرتا ہے۔
تہران میں پاکستان کے سفیر محمد مدثر نے بھی اپنے سوشل میڈیا کے ایکس پیج پر ایک پیغام پوسٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ شہر کرمان میں انجام پانے والے اس انتہائی دردناک، وحشیانہ اور دہشت گردانہ اقدام نے انہیں سخت صدمہ پہنچایا ہے۔
تہران میں پاکستان کے سفیر نے لکھا ہے کہ وہ ایران کی عظیم قوم کو جو امن و امان کی مخالف قوتوں کے خلاف مجاہدت کررہی ہے، تعزیت پیش کرتے ہیں اور اسلامی جمہوریہ ایران کی قوم اور حکومت کے ساتھ پاکستان کے عوام اور حکومت کی یک جہتی کا اعلان کرتے ہیں۔