پاکستان: قومی اور صوبائی اسمبلی کے ضمنی انتخابات ، انٹرنیٹ سروس معطل، سیکورٹی کے سخت انتظامات
پاکستان میں ضمنی انتخابات کیلئے قومی اسمبلی کی 5 جبکہ صوبائی اسمبلی کی 16 خالی نشستوں پر پولنگ کا عمل جاری ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوگئی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
قومی اسمبلی کی نشستوں کیلئے پنجاب کے 2، خیبر پختونخوا کے 2 اور سندھ کے ایک حلقے میں ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں۔
دوسری جانب صوبائی اسمبلیوں کی جن نشستوں پر ضمنی الیکشن ہو رہا ہے اس میں پنجاب اسمبلی کی 12، خیبرپختونخوا اور بلوچستان اسمبلی کی 2، 2 نشستیں شامل ہیں۔
اس کے علاوہ پی بی 50 (قلعہ عبداللہ) کے تمام حلقوں میں بھی اسی روز دوبارہ پولنگ ہو رہی ہے، این اے 8 باجوڑ اور پی کے 22 باجوڑ کے عام انتخابات کیلئے امیدوار ریحان زیب خان کے قتل کے باعث ملتوی کر دیئے گئے۔
لاہور سمیت ضمنی الیکشن والے حلقوں میں انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر معطل ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان اور پنجاب کے 13 شہروں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
الیکشن کمیشن کی درخواست پر پولیس سیکیورٹی پہلے، سول آرمڈ فورسز دوسرے جبکہ پاک فوج کے اہلکار تیسرے حصار میں فرائض انجام دیں گے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی انتخابات 2024 کیلئے الیکشن مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سنٹر قائم کر دیا گیا، سنٹر میں عوام کو الیکشن کے حوالے سے رابطہ کرنے اور اپنی شکایات درج کرانے کی سہولت ہوگی۔