Feb ۰۶, ۲۰۲۵ ۱۲:۵۱ Asia/Tehran
  • ٹرمپ کا بیان انتہائی تشویشناک اور غیر منصفانہ ہے: پاکستان

پاکستان نے ٹرمپ کا غزہ سے متعلق بیان ناانصافی پر مبنی قرار دیا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے کہیں اور بھیجنا انتہائی تشویشناک ہے، فلسطین کے بارے میں پاکستان کا موقف واضح ہے، فلسطین کے لیے1967 سے پہلے کی سرحدوں کےساتھ دوریاستی حل کےحامی ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ منصوبے سے متعلق صحافیوں کے سوالات پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ فلسطین اور فلسطینییوں کو پاکستان نے ہمیشہ سپورٹ کیا، پاکستان کی فلسطین کے حوالے سے پوزیشن واضح ہے، ہم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ سے متعلق بیان کو ناانصافی پر مبنی قرار دیتے ہوئے فلسطینی عوام کے حق میں اپنا دوٹوک مؤقف دہرایا ہے۔

شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان کا مسئلہ فلسطین پر مؤقف 1947 سے واضح ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ فلسطینیوں کو ان کی زمین سے ہٹانے کا بیان غیر منصفانہ ہے، پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی اسرائیلی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ان خلاف ورزیوں کو بند کرانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

گوانتاناموبے کے دوبارہ کھلنے سے متعلق سوال پر ترجمان نے کہا کہ یہ معاملہ امریکہ کے ساتھ پاکستان کی بات چیت کا حصہ نہیں ہے، جبکہ جرمنی میں پاکستانی سفارت خانے پر حملے کے حوالے سے پاکستانی حکومت جرمن حکام سے مسلسل رابطے میں ہے۔

ٹیگس