فلسطینی، ہمدردی کے بیانات نہيں عملی اقدامات چاہتے ہيں: اسحاق ڈار
پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزير خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ فلسطینی، ہمدردی کے بیانات نہيں عملی اقدامات چاہتے ہيں۔
اسحاق ڈار نے اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دعا ہے کہ بابرکت مہینہ دنیا میں امن، سلامتی اور خوشحالی لائے۔ پاکستان کے وزير خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ فلسطین کی موجودہ صورت حال عالم اسلام کے فوری ردعمل کی طلب گار ہے اور پاکستان جنگ بندی کے اقدام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے لیکن غزہ میں انسانی امداد ایک بار پھر روکی جا چکی ہے اور رمضان المبارک میں اس طرح کا ظلم شدید مذمت کے قابل ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ امداد کی ترسیل روکنا جنگی جرائم میں شامل ہے اور غزہ کے عوام کی بقا امداد کی ترسیل سے ہی ممکن ہے۔ پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ یہ مسلم امہ کے لیے ایک فیصلہ کن لمحہ ہے، فلسطینی عوام ہمدردی کے بیانات نہیں بلکہ مضبوط اقدامات چاہتے ہیں اور ہم اپنے الفاظ نہیں بلکہ اقدامات سے پہچانے جائیں گے۔