پاکستان: فیصل آباد فیکٹری دھماکہ، جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 16، مریم نواز نے رپورٹ طلب کرلی
فیصل آباد کے علاقے ملک پور میں ایک کیمیکل فیکٹری میں بوائلر پھٹنے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 16 ہوگئی ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق ریسکیو عہدے داروں نے بتایا کہ ملک پور فیکٹری میں بوائلر پھٹ گیا جس سے فیکٹری میں آگ لگ گئی اور عمارت بھی منہدم ہوگئی۔
اطلاعات کے مطابق اس دردناک حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے اور اب تک 16 لاشیں ملبے سے نکالی جا چکی ہیں جبکہ 7 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
امدادی ادارے کے ترجمان کے مطابق حادثے کے 7 زخمیوں کو اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
ریسکیو عہدے داروں کا کہنا ہے کہ عمارت کا ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے جس سے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے فیصل آباد کی کیمیکل فیکٹری میں بوائلر دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے زیاں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی کیا ہے اور ان کو تعزیت پیش کی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فیصل آباد کے کمشنر سے اس سانحے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔