Aug ۲۴, ۲۰۲۲ ۱۰:۲۹ Asia/Tehran
  • امریکہ کی جنگ پسندی جاری، یوکرین کے لئے سب سے بڑا فوجی پیکج

امریکہ کے اعلی حکام نے کہا ہے کہ توقع کی جاتی ہے کہ روس کے خلاف جنگ کے لیے امریکا بدھ کے روز یوکرین کے لئے3 ارب ڈالرز کی نئی فوجی امداد دینے کا اعلان کرے گا۔

فارس خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی حکام کا کہنا ہے کہ 3 ارب ڈالرز کی امداد 6 ماہ کی جنگ میں یوکرین کے لئے اب تک کا سب سے بڑا سیکیورٹی پیکیج ہے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ وائٹ ہاؤس کی جانب سے امدادی پیکیج کا باضابطہ اعلان آج متوقع ہے۔

حکام نے کہا ہے کہ فوجی امداد ہتھیاروں کے حصول، تربیت اور دیگر امور کے لیے استعمال کی جا سکے گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک یوکرین کو 10.6 ارب ڈالرز کی فوجی امداد فراہم کر چکا ہے۔

روس نے کئی بار کہا ہے کہ یوکرین کیلئے یورپی ہتھیار اور امداد صرف اور صرف جنگ کے طول پکڑنے کا باعث بن رہے ہیں اور اس کے خطرناک نتائج بر آمد ہوں گے۔

دوسری جانب یوکرین کے دارالحکومت کیف میں سوویت یونین سے آزادی کی سالگرہ پر سالانہ تقریبات پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق روسی حملے کے خطرے کے پیشِ نظر جشن کی تقریبات منسوخ کی گئی ہیں۔

یوکرین کے صدر ولادومیر زیلنسکی نے یوکرین کے 31 ویں یومِ آزادی کی تقریب سے قبل روسی حملوں سے خبردار کیا تھا۔

ٹیگس