غزہ میں انتہائی بحرانی انسانی صورتحال کی بابت ڈبلیو ایچ او کا انتباہ
عالمی ادارہ صحت کے ایک عہدیدار نے اعلان کیا ہے کہ غزہ ، شہر خان یونس کے اطراف کے علاقوں اور رفح پر اسرائیل کی جاری بمباری کے نتیجے میں صورت حال بد سے بدتر ہوتی جا رہی ہے۔
سحرنیوز/دنیا: عالمی ادارہ صحت کے ایک عہدیدار رچرڈ پیپر کارن نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ، شہر خان یونس کے اطراف کے علاقوں، اور رفح پر اسرائیل کی جاری بمباری کے نتیجے میں بدترین انسانی المیے کا سامنا ہے۔ غزہ میں عالمی ادارہ صحت کے نمائندے نے غزہ پہنچنے والی امداد کو ضرورت سے کہیں کم بتاتے ہوئے کہا ہے کہ بمباری سے بچنے کے لئے زیادہ تر عام شہری، جنوبی غزہ کا رخ کر رہے ہیں اور اسی بنا پر اسرائيل کے محاصرے میں اس علاقے میں موجود عام شہریوں کی صورت حال کے بارے میں گہری تشویش لاحق ہے۔ پیپر کارن نے شمالی غزہ پر اسرائيل کی بمباری سے تباہ حال حقیقت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس علاقے میں انسان دوستانہ امداد پہنچنے کا سلسلہ منقطع ہے جبکہ جنوبی غزہ کی صورت حال بھی شمالی غزہ کی مانند ہوتی جا رہی ہے۔ فلسطینی پناہ گزینوں کے امور میں اقوام متحدہ کے ادارے انروا کے ڈائریکٹر تھومس وائٹ نے کہا ہے کہ چھے لاکھ سے زائد آبادی سے کہا گيا ہے کہ وہ بمباری سے بچنے کے لئے نقل مکانی کریں۔ عالمی ادارہ صحت نے اس سے قبل بھی اعلان کیا تھاکہ اسرائیل نے عالمی ادارہ صحت سے جنوبی غزہ میں طبی وسائل کے دو گوداموں کو خالی کرنے کو کہا ہے۔